تعلیم و ٹیکنالوجی

برطانیہ کی پاکستانی طلبہ کے لئے غیر معمولی کوششیں

حال ہی میں برطانیہ کی جانب سے اسلام آباد میں دوسری سالانہ”یوکے ان پاک“ پبلک نمائش منعقد کی گئی۔جس میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر پیٹرک موڈی نے کھلے الفاظ میں یہ کہا ہے کہ برطانیہ دیگر ممالک میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں سب سے زیادہ پاکستان کے شعبہ تعلیم میں کرتا ہے۔اس حوالے سے دیکھا جائے تو قابل ستائش اقدام پاکستان میں فروغ تعلیم میں معاون ثابت ہوگا۔
”یو کے ان پاک“ امتحانات سے لے کر انگریزی زبان کی تعلیم، اسکول، فنون اور وظائف تک پاکستان کے شعبہ تعلیم میں برطانیہ کی جانب سے کی جانے والی غیر معمولی کوششوں کی نمائش ہے۔معاشرے کے مختلف طبقوں بشمول تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ، حکومت اور سفارتی حلقوں نے نمائش میں برٹش کونسل ، برطانوی ہائی کمیشن اور برٹش بزنس سینٹر کے اہل کاروں سے ملاقاتیں کیں اور اس کار خیر کو سراہا۔اس موقع پر پاکستان میں برٹش کونسل کی نئی ڈائریکٹر روزمیری ہل ہورسٹ نے بتایا کہا کہتعلیم ہمارے بچوں اور ان کے بچوں کو دنیا میں موجود تمام مواقع دریافت کرنے کے لیے مناسب راستوں سے روشناس کرتی ہے۔برٹش کونسل کو فخر حاصل ہے کہ ہم اپنے تمام نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور کامیابی کے لیے درکار ماحول اور سرگرمیاں فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں مصروفِ عمل ہیں۔برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر جناب پیٹرک موڈی کا کہنا تھا کہ”مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے کہ ‘یوکے ان پاک’ نمائش میں پاکستان کے شعبہ تعلیم میں ہماری جانب سے کیے جانے والے کام کو مکمل طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی حیثیت برطانیہ کے لئے اولین ترجیحی ممالک میں سے ایک ہے۔ برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (DFID) دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے بڑے دوطرفہ تعلیمی پروگرام کے ساتھ پاکستان کو تعاون فراہم کررہا ہے۔ اسی طرح برٹش کونسل نے حال ہی میں لاہور اور کراچی میں اپنی لائبریریا ں دوبارہ فعال کردی ہیں۔ برٹش کونسل دنیا بھر میں انگریزی زبان کے سب سے بڑے پروگرام کے ساتھ پاکستان کے شعبہ تعلیم میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ہم نے برطانوی حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والے چیوننگ اسکالر شپ پروگرام کے تحت اس سال پاکستان سے پوسٹ گریجویٹ ڈگری کی تعلیم کے لیے طالب علموں کی ریکارڈ تعداد کو برطانیہ روانہ کیا ہے۔ ہم مستقبل میں اس تعداد میں واضح اضافے کے لیے پرامید ہیں۔ اس سال ہم نے پہلی دفعہ چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز (OCIS) فیلوشپ اور چیوننگ لائبریری فیلو شپ کے لیے بھی اسکالر روانہ کیے ہیں۔ چیوننگ کے ہی تحت ہم پاکستانی صحافیوں کے لیے ساﺅتھ ایشیاءجرنلزم پروگرام فیلوشپ بھی پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے عظیم مباحثوں کے مقابلے اس سال بھی پاکستان بھر میں منعقد ہونگے۔یوکے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ “کی کوششوں کے باعث برطانوی کاروباری اداروں کی پاکستان میں موجودگی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم ہے۔ ہماری جانب سے حال ہی میں شروع کیا جانے والا برٹش بزنس سینٹر پاکستان میں مصروفِ عمل سو سے زائد برطانوی کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے پاکستان کی معیشت میں بھی بہتری لارہا ہے۔“۔اس میں کوئی مبالغہ نہیں ہے کہ برٹش کونسل اور برٹش بزنس سینٹرز کے تحت مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔پاکستان کے لئے برطانیہ جتنا اہم ملک ہے اتنا ہی برطانیہ کے لئے پاکستان اہمیت رکھتا ہے۔لہذا برطانیہ مختلف پروگرامز اور پراجیکٹس کے ذریعے پاکستان میں علمی اور کاروباری ترقی میں معاون کار رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close