جاپانی خلائی جہاز نے شہاب ثاقب پر لینڈ کرکے اس میں گولی ماردی، مگر کیوں؟؟؟
ٹوکیو: جاپان نے 4سال قبل ایک خلائی جہاز روانہ کیا تھا جو گزشتہ روز جاپانی وقت کے مطابق صبح 8بجے ’ریوگو‘ (Ryugu)نامی شہاب ثاقب پر کامیابی سے لینڈ کر گیا اور اس میں ایک گولی مار دی۔
این بی سی نیوز کے مطابق جاپانی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”شہاب ثاقب میں گولی مارنے کا مقصد اس کو توڑ کر اس کے کچھ ٹکڑے حاصل کرنا تھا۔ گولی لگنے سے جو ٹکڑے اس شہاب ثاقب سے ٹوٹے ہیں وہ اس خلائی جہاز کے ذریعے واپس زمین پر لائے جائیں گے اور ان کا تجزیہ کیا جائے گا۔“
رپورٹ کے مطابق اس دورافتادہ شہاب ثاقب پر پہنچنے والے خلائی جہاز کا نام ’ہایابوسا2‘ (Hayabusa 2)ہے جو ایک ریفریجریٹر کے سائز کا ہے۔ اسے جاپان کی خلائی تحقیقاتی کمپنی جاکسا(JAXA)کے سائنسدانوں نے 2014ءمیں خلاءمیں روانہ کیا تھا۔ جون 2018ءمیں یہ خلائی جہاز 2ارب میل (3ارب21کروڑ68لاکھ 88ہزار کلومیٹر)کا سفر کرکے شہاب ثاقب ریوگو کے پاس پہنچ گیا تھا۔
تب سے اس نے شہاب ثاقب کا معائنہ کرنے کے لیے چھوٹے چھوٹے ’روورز‘ (Rovers)کا ایک جوڑا شہاب ثاقب پر گرایا۔ اس جہاز کی شہاب ثاقب پر لینڈنگ گزشتہ سال اکتوبر میں ہو جانی تھی لیکن اس پر گرائے گئے روورز سے ملنے والی معلومات سے پتا چلا کہ شہاب ثاقب کی سطح گرد والی مٹی سے ڈھکی ہوئی نہیں ہے بلکہ یہ پتھر سے بنی ہوئی ہے۔
سائنسدانوں کو اس کی توقع نہیں تھی چنانچہ انہوں نے جہاز کی لینڈنگ موخر کر دی اور مزید تحقیقات کے بعد اب اسے لینڈ کروا دیا گیا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز 2020ءکے بعد کسی وقت شہاب ثاقب کے ٹکڑے لے کر زمین پر واپس پہنچے گا۔