تعلیم و ٹیکنالوجی
سرکاری اسکولوں کے لیے آن لائن کلاسز شروع
طلبہ کے گزشتہ نتیجے کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلی کلاس میں ترقی دی جائے گی۔
کراچی: سیکریٹری تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں کے لیے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سیکریٹری تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹی جماعت سے 12 ویں جماعت تک آن لائن کلاسز ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیسیف اور مائیکروسافٹ کی مدد سے آن لائن کلاسز شروع کی جائیں گی جب کہ اس ضمن میں 75 ماسٹر ٹرینر اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے لیے ٹریننگ دیں گے۔
سرکاری اسکولوں میں آن لائن کلاسز کے انعقاد سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں سیکریٹری تعلیم نے تمام اضلاع کے ڈائیریکٹرز کو 17 جون تک اساتذہ و طلبہ کا ڈیٹا دینے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آن لائن سیشن کے لیے آئی ٹی کے ماہرین کو بھی رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں تعلیمی ادارے گزشتہ 2 ماہ سے بند ہیں اور اسی وجہ سے امتحانات بھی نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طلبہ کے گزشتہ نتیجے کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلی کلاس میں ترقی دی جائے گی۔