امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا
کراچی: دنیا بھرمیں بے انتہا شہرت سمیٹنے والے معروف قوال امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو معروف قوال غلام فرید صابری کے گھر میں آنکھ کھولی، انہیں قوالی کے اسرارورموز اپنے والد سے ورثے میں ملے، فن قوالی کی ابتدائی تربیت انہوں نے اپنے والد اور بڑے بھائی عظمت صابری سے حاصل کی اور پھر قوالی کو دنیا بھر میں اس انداز میں پیش کیا جس کی مثال بہت کم ملتی ہے۔ انہوں نے بھارت ،نیپال، امریکا، لندن سمیت 17 سے زائد ممالک میں اپنے فن کا جادو جگایا، والد کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے اپنے والد اور چاچا کی مقبول قوالی ’تاجدار حرم‘ کو نئے انداز میں پیش کیا جسے دنیا بھر میں بےحد پسند کیا گیا۔
امجد صابری کو گزشتہ برس 22 جون کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گھر سے کچھ فاصلے پر چند نا معلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاکرشہید ہوگئے۔ ان کی شہادت نے پورے پاکستان اور ان کے چاہنے والوں کو صدمے میں مبتلا کردیا تھاایک سال گزرنے کے باوجود لوگ امجد صابری کو بھلا نہیں پائے ہیں۔