رومانوی مزاحیہ فلم ’دم مستم‘ کو عید الفطر پر ریلیز کیا جائے گا
فلم ’دم مستم‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
کورونا کی وبا کے باعث فلم ’دم مستم‘ کی نمائش میں تاخیر ہوئی۔
فلم دم مستم‘ کا ڈھائی منٹ دورانیے سے زائد کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الفطر پر ریلیز کرنے کی تصدیق کردی گئی۔
مذکورہ فلم کے ذریعے عمران اشرف بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، وہیں اداکارہ امر خان بھی بطور فلم لکھاری متعارف ہونے جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں ’دم مستم‘ اداکار عدنان صدیقی کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم بھی ہوگی جب کہ اس میں ’مجھے مارو‘ سے شہرت حاصل کرنے والے مومن ثاقب بھی اداکاری کی دنیا میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔
’دم مستم‘ کی کہانی امر خان اور عمران اشرف کے رومانس اور بچپن کے پیار، دوستی اور لڑائیوں کے گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر دیکھ کر کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ امر خان اور عمران اشرف ایک ہی محلے میں پلے بڑھے ہوتے ہیں اور ایک جیسے ہی خواب دیکھ کر آگے بڑھنے کی لگن رکھتے ہیں۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ امر خان بطور ڈانسر اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں اور انہیں عدنان صدیقی کی کمپنی بہت بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔
https://youtu.be/I5eJqlMP65I
ساتھ ہی ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ عمران اشرف بھی ایک چانس ملنے کے بعد سپر اسٹار گلوکار بن جاتے ہیں۔
فلم میں رومانس اور کامیڈی کے علاوہ مصالحہ بھی دیکھنے کو ملے گا جب کہ فلم میں آئٹم سانگس بھی شامل ہوں گے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں سہیل احمد، سلیم معراج اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
فلم کی ہدایات ’سپر اسٹار‘ کی ہدایات دینے والے محمد احتشام الدین نے دی ہے جب کہ اسے عدنان صدیقی کے ہمراہ اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم کی موسیقی اذان سمیع خان، شیراز اپل زئی اور بلال سعید نے دی ہے۔