کترینہ پکارے جانے پرنرگس فخری شرمندہ
ممبئی: نرگس فخری کو باربی ڈول کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حال ہی میں مداح کی جانب سے کترینہ کہہ کر بلانے پر ایک بار پھر انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑگیا۔ کہتے ہیں دنیا میں ایک دوسرے سے مشابہت رکھنے والے بہت سے لوگ موجود ہیں، کئی بار مشہورشخصیات سے مشابہت انسانوں کو شہرت دلادیتی ہے جس کی مثال چند روز قبل معروف امریکی گلوکار جسٹن بیبر سے مشابہت رکھنے والا پاکستانی نوجوان ہے جس نے انٹرنیٹ پردھوم مچادی تھی اور اکثر یہ مشابہت انسانوں کو پریشانی میں مبتلا کردیتی ہے جیسے حال ہی میں بھارت کی نامور اداکارہ نرگس فخری کو کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نرگس فخری بھارت میں اپنی اداکاری کے باعث کم لیکن بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث زیادہ مشہور ہیں جس کے باعث اکثر انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے حال ہی میں انہوں نے ٹویٹر پر ایک دلچسپ قصہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک شخص نے انہیں کترینہ کیف سمجھ کرایک سیلفی لینے کی درخواست کی، اجنبی شخص کی اس بات پر پہلے تو نرگس حیران رہ گئیں بعد ازاں انہوں نے شرمندہ لہجے میں اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں کترینہ نہیں ہوں لیکن وہ شخص ڈٹا رہا اور کہا اگر آپ کترینہ نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں میں پھر بھی آپ کے ساتھ تصویر کھینچوانا چاہوں گا کیونکہ آپ بہت خوبصورت ہیں اور کترینہ سے بہت زیادہ ملتی ہیں۔
اس نے نرگس کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے براؤن بال، براؤن آنکھیں، گوری رنگت اور لمبا قد سب کچھ کترینہ کیف جیسا ہے اس لیے کوئی بھی دھوکا کھا سکتا ہے تاہم اس وقت تو نرگس نے کچھ نہیں کہا اور چپ چاپ چلی گئیں بعد میں انہوں نے ٹویٹر پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا یہ بہت عجیب ہے کہ کوئی شخص آپ کے منع کرنے کے باوجود آپ کے ساتھ تصویر کھینچوانا چاہتا ہو، یہ انسان بھی نا۔
واضح رہے کہ نرگس فخری آخری بار اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ میوزیکل فلم ’’بنجو‘‘ میں نظر آئی تھیں تاہم فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی فی الحال نرگس فخری کسی بھی بڑے پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔