اداکاری کو عبادت کی طرح کرتا ہوں : نعمان اعجاز
’باوضو‘ ہوکر اداکاری کرتا ہوں ، اداکاری کو عبادت کی طرح کرتا ہوں
’بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں نعمان اعجاز نے اپنے کیریئر اور منفرد اداکاری کرنے سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی۔
سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے بتایا کہ وہ نہ صرف ’باوضو‘ ہوکر اداکاری کرتے ہیں بلکہ وہ ایکٹنگ کو عبادت کی طرح سمجھتے ہیں، جس وجہ سے وہ کامیاب ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں شوبز میں آئے ہوئے 32 سال ہو چکے اور وہ اس قدر کرداروں میں ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں کہ بعض اوقات انہیں تکلیف بھی ہونے لگتی ہے، جس وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنا اداکاری کا فن بیٹے کو نہیں سکھائیں گے۔
View this post on Instagram
نعمان اعجاز نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے شروع سے ہی سوچ سمجھ کر اداکاری کی اور صرف معیاری اور اچھے کرداروں کا انتخاب کیا، جس وجہ سے ان کی اداکاری منفرد نظر آتی ہے۔
اداکار نے دوران انٹرویو میں بتایا کہ شوبز میں آنے کے کچھ سال بعد وہ نماز پڑھ کر شوبز سے دوری کی دعائیں مانگا کرتے تھے اور پانچ سال تک انہوں نے ایسا ہی کیا, پھر انہیں ایک شخص ملے، جنہوں نے انہیں بتایا کہ شاید خدا کو ان کا شوبز میں رہ کر ان سے کام کروانے منصوبہ ہے۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ انہیں اس شخص نے مشورہ دیا کہ وہ شوبز میں رہتے ہوئے بھی لوگوں کو مذہب کا پیغام دے سکتے ہیں اور پھر انہوں نے وہی کیا۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکاری بھی مذہبی تناظر میں کرتے ہیں اور ’باوضو‘ ہوکر کام کرتے ہیں، جس وجہ سے ان کے ڈرامے کامیاب ہوتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی اداکاری کے لیے بھی میک اپ نہیں کیا، وہ ایسے ہی شوٹنگ کرواتے ہیں۔
دوران انٹرویو انہوں نے دو سال قبل ’بیوی سے بے وفائی‘ کرنے اور دوسری خواتین سے معاشقے لڑانے کے پرانے انٹرویو کا کلپ وائرل ہونے پر بھی بات کی اور کہا کہ لوگوں نے ان کے انٹرویو کے بعد ’جسٹس فار رابعہ‘ یعنی ان کی بیوی کے حق میں پیجز بناکر ان کے خلاف ٹرینڈ چلائے۔
نعمان اعجاز کے مطابق انہوں نے میزبان عفت عمر کی جانب سے بار بار پوچھے جانے پر مذاق میں ایسا جواب دیا تھا، جس کا لوگوں نے غلط مطلب نکالا تھا۔
خیال رہے کہ 2020 میں نعمان اعجاز کے پرانے انٹرویو کی کلپ وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ بتاتے سنائی دیے تھے کہ وہ ہر خاتون سے محبت کر لیتے ہیں۔
ان کے جواب پر عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں کہ ’پھر بیگم صاحبہ‘؟ جس پر اداکار بے جھجھک اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بیگم صاحبہ کو کبھی اس بات کا پتا ہی نہیں چلنے دیا۔
اداکار مزید بولتے ہیں کہ وہ انتہائی اچھے اداکار اور ہوشیار مرد ہیں، جس وجہ ان کی بیگم کو کچھ پتا نہیں چلتا۔
مذکورہ کلپ وائرل ہونے کے بعد نعمان اعجاز کے خلاف ٹرینڈ بھی چلے تھے۔