جیکلین فرنانڈز کے 7 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز کے منی لانڈرنگ کیس میں 7 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
بھارتی تاجر سکیش چندراشیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں متعلقہ ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز کے 7.12 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کرلیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں سکیشن چندراشیکھر کے اداکارہ سے گہرے تعلقات ہونے کی بنا پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین کو شامل تفتیش کیا، ملزم نے دوستی کے دوران اداکارہ پر بہت پیسے خرچ کیے، سونے اور ہیرے کے زیورات بھی تحفتاً دیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اداکارہ کے ضبط کیے گئے 7.12 کروڑ روپے کے اثاثوں کا تعلق بھی منی لانڈرنگ سے ملتا ہے اسی سبب ’ای ڈی‘ نے یہ اقدام اٹھایا۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز پچھلے کئی مہینوں سے سکیش چندراشیکھر کے خلاف 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ریڈار پر ہیں۔
جیکلین کو کیس میں تفتیش کے لیے متعدد مرتبہ طلب کیا جا چکا ہے، تحقیقاتی ایجنسی کی تیار کردہ چارج شیٹ کے مطابق اداکارہ نے ملزم سکیش چندراشیکھر سے مہنگے ترین تحائف وصول کیے، کئی تحائف بھی ضبط کیے جاچکے ہیں۔