انٹرٹینمنٹ

سابق شوہر نے دو سالہ شادی کے دوران کئی بار مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا

 امبر ہرڈ اور جانی ڈیپ کی شادی 2015ءمیں ہوئی اور 2017ءمیں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔

امریکی اداکارہ امبر ہرڈ کی طرف سے اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ پر جنسی تشدد کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اب اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے ایک انتہائی افسوسناک انکشاف کر دیا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق جانی ڈیپ کی طرف سے کیے گئے جنسی تشدد کے متعلق بات کرتے ہوئے امبرہرڈ نے بتایا ہے کہ شادی کے چند ہفتے بعد ہی آسٹریلیا میں جانی ڈیپ نے شراب کی بوتل کے ذریعے مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

36سالہ اداکارہ نے بتایا کہ بعد ازاں جانی ڈیپ نے یہ بوتل توڑ ڈالی اوراس کا ایک ٹکڑا لگنے سے اس کی انگلی زخمی ہو گئی۔ وہ اپنی زخمی انگلی سے بہنے والے خون سے کمرے کی دیواروں، پینٹگز اور فرنیچر پر دھبے لگاتا رہا۔ امبر ہرڈ کے مطابق یہ واقعہ مارچ 2015ءمیں آسٹریلیا میں رہائش کے دوران ان کے کرائے کے گھر میں پیش آیا تھا۔ ہماری اس دو سالہ شادی کے دوران اس نے کئی بار مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ وہ میری گردن کو دبوچ لیتا اور کہتا کہ تم نے میری زندگی برباد کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ کی طرف سے اس واقعے کے متعلق بتایا گیا تھا کہ امبر ہرڈ نے اس پر شراب کی بوتل پھینکی تھی جس سے اس کی انگلی زخمی ہوئی۔واضح رہے کہ امبر ہرڈ اور جانی ڈیپ کی شادی 2015ءمیں ہوئی تھی اور 2017ءمیں ان کی طلاق ہو گئی۔ جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے کے بعد جانی ڈیپ نے امبر ہرڈ کے خلاف 5کروڑ ڈالر کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جبکہ امبر ہرڈ نے بھی جانی ڈیپ کے لیے 10کروڑ ڈالر ہرجانے کامقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close