’’پروجیکٹ غازی‘‘ کی ریلیز پریمئیر کے بعد روک دی گئی
کراچی: پاکستانی سینما کی تاریخ کی پہلی سپرہیرو فلم ’’پروجیکٹ غازی‘‘ کی ریلیز پریمئیر کے بعد روک دی گئی ہے۔ سائنس فکشن پرمبنی ایکشن سے بھرپورپاکستانی فلم ’’پروجیکٹ غازی‘‘ بہترین کاسٹ اور شاندارٹریلر کے باعث ریلیز سے قبل ہی عوام میں مقبولیت حاصل کرچکی تھی ، فلم کا انتظار شائقین بے صبری سے کررہے تھے۔ فلم کی ریلیز کے لیے ملک بھر کے ملٹی پلیکس میں اسکرینیں تک تیار تھیں لیکن پھر فلم کی ریلیز کو اچانک تکنیکی وجوہات کی بنا پر روک دیا گیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسرعلی رضا نے فلم کی ریلیز ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پروجیکٹ غازی‘‘ کی نمائش کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر فی الحال روک دی گئی ہے جبکہ فلم کی دوبارہ ریلیز کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائےگا۔ انہوں نے فیس بک پر پیغام درج کرتے ہوئےکہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ’’پروجیکٹ غازی‘‘ شیڈول کے مطابق 14 جولائی کو ریلیز نہیں ہوگی، ہم جانتے ہیں شائقین کو فلم کا بے صبری سے انتظار تھا لیکن فلم میں کچھ تکنیکی خرابیاں تھیں جن کے ساتھ فلم ریلیز کرنا ممکن نہیں تھا ، ہم نہیں چاہتے لوگ ایسی فلم دیکھیں جس میں بے شمار غلطیاں ہوں لہٰذا ہماری ٹیم نے فلم کو ملتوی کرنا مناسب سمجھا۔
دوسری جانب جمعرات کی رات کراچی کے مقامی سینما میں فلم کا پریمئیر بھی ہوا تھا ، اس موقع پر فلم کی بھرپور کوریج کے لیے فلم کی اسٹار کاسٹ کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں اور سوشل میڈیا بلاگرز کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ فلم دیکھتے ہوئے احساس ہوا کہ فلم ہر شعبے میں انتہائی بھونڈے پن کا شکار ہے، ابھی فلم جاری تھی کہ آدھے لوگ خود ہی اٹھ کر چلے گئے، پروڈیوسر، ڈسٹری بیوٹرز ، فلم کی کاسٹ اور تیکنیکی عملے کو احساس ہوا مالی نقصان اور ناظرین کے برے ردعمل سے بچنے کے لیے بہتر ہے کہ ریلیز کو روک دیا جائے۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید، سائرہ شہروز اور شہریار منور جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ’’پروجیکٹ غازی‘‘ کا انتظار شائقین بہت عرصے سے کررہے تھے، فلم کی ہداہات نادر شاہ نے دی ہیں جبکہ فلم کے پروڈیوسر محمد علی رضا ہیں، فلم کی دیگر کاسٹ میں عدنان جعفر، طلعت حسین اور عامر قریشی شامل ہیں۔