اداکارہ سوارا بھاسکرکو بھی قتل کی دھمکی
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کی اداکارہ سوارا بھاسکر کو گمنام خط میں قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ سوارا بھاسکر کودھمکی آمیز خط ان کی ممبئی کی رہائش پر موصول ہوا۔ خط ملنے کے بعد اداکارہ نے پولیس میں نامعلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کرا دی۔
ہندی میں لکھے گئے دھمکی آمیز خط میں جان سے مارنے کی دھمکیوں اور گالیوں کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق بھارتی سیاستدان ویر ساورکر کی بے عزتی برداشت نہیں کریں گے۔
ویر ساورکر ایک بھارتی سیاست دان اور مصنف تھے۔ انہوں نے 1922 میں قید کے دوران ہندو قوم پرست سیاسی نظریہ ہندوتوا کی بنیاد رکھی تھی۔
اداکارہ سوارا بھاسکر نے2017 میں ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ویر ساورکر نے برطانوی حکومت سے معافی مانگی اور جیل سے باہر جانے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو بھی رواں ماہ دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔