کنگنا رناوت کو تلواربازی مہنگی پڑ گئی
ممبئی: بالی ووڈ کی کوئین کنگنا رناوت اپنی نئی فلم مانی کارنیکا:کوئین آف جھانسی کی شوٹنگ کے دوران تلوار بازی کرتے ہوئے زخمی ہوگئیں جس سے ان کے سر پر گہرے زخم آئے ہیں۔ کنگنا رناوت کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں ،حال ہی میں آئیفا کی تقریب کے دوران کرن جوہر ، ورون دھون اور سیف علی خان کی جانب سے انہیں ایک بار پھر اقربا پروری کے حوالے سے طنز کا نشانہ بنایا گیا اور اب وہ اپنی نئی فلم ’’مانی کارنیکا:کوئین آف جھانسی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئیں، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا کو کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق ایک سین کیلئے تلوار بازی کی مشق کرنی تھی انہوں نے یہ سین کسی اسسٹنٹ سے کروانے کی بجائے خود کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنا سر زخمی کروابیٹھیں ، جیسے ہی تلوار ان کے سر پر لگی ان کے ماتھے سے خون بہنا شروع ہوگیا یہ دیکھ کر سیٹ پر موجود ہدایت کار اور پروڈیوسر سمیت دیگر افراد گھبرا گئے تاہم انہوں نے فوراً کنگنا کو حیدر آباد کے اپولو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد آئی سی سی یو میں داخل کرلیا گیا ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخم کافی گہرے ہیں لہٰذا کنگنا کو 15 ٹانکےآئے ہیں۔
فلم کے سیٹ پر ہوئے اس ناخوشگوار واقعے کے حوالے سے فلم پروڈیوسر کمال جین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ یہ سین کنگنا کی بجائے ان کی باڈی ڈبل کرے لیکن کنگنا نے تلوار بازی کا یہ سین خود کرنے کا فیصلہ کیا لیکن وہ بہت بہادر ہیں انہوں نے خود کو اس حادثے کے بعد سنبھال لیا ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا ان دنوں بھارتی تاریخ کی جنگجو خاتون رانی لکشمی بائی کی زندگی پر بننے والی فلم مانی کارنیکا:کوئین آف جھانسی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں فلم میں کنگنا رانی لکشمی بائی کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں فلم 27 اپریل 2018 کونمائش کیلئےپیش کی جائے گی۔