ایکتا کپور کا عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کی مہم پر ردعمل
ایکتا کپور، لال سنگھ چڈھا اور عامر خان کی حمایت میں بول پڑیں
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکتا کپور نے عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کی مہم پر ردعمل دیا اور کہا کہ بالی ووڈ کے تمام خانز خاص طور پر عامر خان لیجنڈ ہیں۔
بھارتی پروڈیوسر نے مزید کہا کہ عامر خان نے اپنی فلموں سے انڈسٹری کو بہترین بزنس دیا، عجیب بات ہے، اب لوگ اُن کی فلم کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔
ایکتا کپور نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو کے دوران کیا اور لال سنگھ چڈھا کے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کا کبھی بائیکاٹ نہیں کیا جاسکتا، دراصل وہ فلم نگری کا سافٹ ایمبسیڈر ہے۔
ہالی ووڈ فلم فارسٹ گیمپ کے ہندی ری میک لال سنگھ چڈھا کی ریلیز سے پہلے ہی فلم کے بائیکاٹ کی مہم سوشل میڈیا پر چلنے لگی تھی۔
اُس وقت بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘، ’بائیکاٹ عامر خان‘ کی مہم کے پیچھے عامر خان کا ہاتھ قرار دیا تھا، لیکن فلم نے اپنے ابتدائی 5 دن میں صرف 46 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
دہلی کے ایک وکیل نے عامر خان، فلم پروڈیوسرز اور دیگر کے خلاف بھارتی فوج کی بے عزتی اور ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات کے تحت پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔