عید پر ریلیز فلموں کے بزنس پر انڈسٹری کو کھڑا کرنا ممکن نہیں، سونیا حسین
کراچی: اداکارہ و ماڈل سونیا حسین نے کہا ہے کہ عمرصرف نمبر ہے انسان کو عمر کے چکر میں نہیں پڑنا چاہیے بلکہ جو دل کرے وہ کرنا چاہیے، خوش ہوں کہ میری سالگرہ کے موقع پر انڈسٹری کے تمام دوست احباب نے شرکت کی اور میری خوشی میں شامل ہوئے۔ سونیا حسین نے گذشتہ شب کراچی کے مقامی ریسٹورنٹ میں اپنی سالگرہ کو شاندار انداز میں منایا جس میں فلم، ڈرامہ و فیشن انڈسٹری کے تقریباً تمام ستاروں نے شرکت کی اور سونیا کو نیک تمنائیں اور دعائیں دی۔
سونیا نے بتایا کہ کام اپنی جگہ لیکن زندگی کے اہم دنوں کو کبھی بھی کام کی وجہ سے نظر انداز نہیں ہونے دیتی بلکہ ہمیشہ ترجیح ہوتی ہے کہ اپنے دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ خوشی کے تہوار مناؤں، سالگرہ ایسا موقع ہے جو ہر فرد کے لیے اہم دن ہوتا ہے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ سالگرہ آپ کی عمر بڑھاتی ہے لیکن اصل میں آپ اندر سے مزید جوان ہوتے جاتے ہیں۔
اداکارہ نے اپنے کام سے متعلق بتایا کہ میری فلم آزادی تیار ہے جس میں معمررانا کے ساتھ نظر آؤں گی، اس فلم میں ایک صحافی کا کردار ادا کررہی ہوں جو کہ پاکستانی ہے لیکن اس کی پیدائش اور پرورش برطانیہ میں ہوئی ہے، اس کے ہدایت کار عمران ملک ہیں، یہ فلم کمرشل ہے لیکن روایتی کمرشل فلموں سے مختلف ہوگی۔
سونیا کا کہنا تھا کہ فلمساز و اداکار اپنی طرف سے فلم میں ہر ممکن کوشش اور محنت کرتا ہے لیکن اسے کامیاب شائقین بناتے ہیں، پوری امید ہے کہ شائقین کو فلم پسند آئے گی، بہت جلد فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال فلم انڈسٹری کے لیے یقیناً تشویش ناک رہا ہے، کسی بھی طرح کی فلم نے کوئی خاص بزنس نہیں کیا، عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کے بزنس پر پاکستان فلم انڈسٹری کوکھڑا کرنا ممکن نہیں۔