عتیقہ اوڈھو مریم اورنگزیب کی حمایت میں بول پڑیں
عتیقہ اوڈھو کی پی ٹی آئی کارکنان کی ہلڑ بازی کے وقت پرسکون رہنے پر مریم اورنگزیب کی تعریفیں
سینئر اداکارہ اور پی ٹی آئی کی رُکن عتیقہ اوڈھو اپنی سیاسی مخالف مریم اورنگزیب کی حمایت میں بول پڑیں۔
عتیقہ اوڈھونے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مریم اورنگیزیب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے پر مذمت کی ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو کے کیپشن میں عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’ہوسکتا ہے آپ کسی کی سیاست سے متفق نہ ہوں لیکن اس نوعیت کی ہراسانی سب کیلئے ناقابل قبول ہے، یہ قومی مسائل کا حل نہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جب اوورسیز پاکستانی ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں تو دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب ہوتا ہے، وہ مسائل کے حل کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن رہے ہیں‘۔
عتیقہ اوڈھو نے مزید لکھا کہ ’میں اپنے دوستوں اور مداحوں سے درخواست کرتی ہوں کہ برے اور بچگانہ سلوک سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، اگر آپ کسی چیز سے خوش نہیں ہیں تو باوقار رہتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار ووٹنگ سے کریں‘۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’جذبات، ثبوت یا درست معلومات کی کمی کے بہاؤ میں بہہ نہ جائیں، ہمیشہ حقائق اور ثبوت رکھیں اور پھر قانون پر عمل کریں، ورنہ یاد رکھیں ان کے بغیر آپ پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں‘۔ عتیقہ اوڈھو نے اپنی پوسٹ میں مریم اورنگزیب کو ٹیگ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں نے مقامی کیفے اور سڑک پر مریم اورنگزیب کے خلاف نعرے بازی کر کے انہیں ہراساں کیا تھا اور ان سے سوال جواب کئےتھے۔