ماہرہ خان کا عائشہ گلالئی کے خلاف مہم پر اظہار افسوس
اسلام آباد: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے عائشہ گلالئی کے خلاف مہم پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں ماہرہ خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات سچے ہیں یا جھوٹے، یہ بات جلد سامنے آجائے گا لیکن ان الزامات پر جس ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے وہ پریشان کن ہے۔ ماہرہ خان نے کہا کہ ایسے ردعمل سے ہی ہمیں لوگوں کی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ اتنا نیچے کیسے گر جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان پرسنگین الزامات عائد کیے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے تحریک انصاف میں خواتین کی عزتیں محفوظ نہیں۔عائشہ گلالئی کے الزامات پر تحریک انصاف کے رہنماں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، جب کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماوں نے ان کی بہن ماریہ طور پر بھی تنقید کی ہے۔ دوسری جانب عمران خان نے پارٹی کے حامیوں کو عائشہ گلالئی کی بہن کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روک دیا ہے۔