امیتابھ کی نواسی نے فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا
ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے بالی ووڈ میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان کا فلموں میں کام کرنے کا کوئی اراداہ نہیں ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان دنوں سپراسٹارز کے بچوں کی آمد کے چرچے ہیں جہاں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان، سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور سنی دیول کے بیٹے کرن دیول فلم ’’کیدار ناتھ‘‘، ’’سائرت‘‘ اور ’’پل پل دل کے پاس‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھنے جارہے ہیں وہیں بالی ووڈ میں اداکارامیتابھ بچن کی خوبرونواسی نویا نویلی نندا کو فلموں سے کوئی دلچسپی نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نویا گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بنا فلموں میں کام کیے سوشل میڈیا اسٹار کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، انسٹاگرام اور فیس بک پر ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، بھارتی تجزیہ نگاروں نے بہت پہلے ہی ان کے بارے میں پیش گوئی کردی تھی کہ بالی ووڈ کی اگلی سپراسٹار نویا نویلی نندا ہوں گی لیکن نویا نے فلموں میں عدم دلچسپی ظاہر کرکے سب کو مایوس کردیا۔
ایک انٹرویو کے دوران امیتابھ کی بیٹی اورنویا کی والدہ شوئیتا بچن نندا نے اپنی بیٹی کے مستقبل کے ارادوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ نویا کو بالی ووڈ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، فی الحال وہ بین الاقوامی ایڈورٹائزنگ کمپنی میں انٹرن شپ کررہی ہے اوروہاں بہت خوش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے بالی ووڈ میں آنے کے بالکل خلاف نہیں ہیں کیونکہ ہم آج جو کچھ بھی ہیں فلم انڈسٹری کی بدولت ہی ہیں، ہمارا خاندان بھارت کے عزت دار گھرانوں میں سے ایک ہے، میڈیا ہمیں خصوصی کوریج دیتا ہے اس کے پیچھے بھی بالی ووڈ ہی ہے، لہٰذا مجھے خوشی ہوگی کہ میری بیٹی اپنے نانا امیتابھ بچن، ماموں ابھشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا کی طرح فلموں میں نام بنائے لیکن فی الحال نویا کا بالی ووڈ میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔