ایسے ملک میں رہنا چاہتا ہوں جہاں بولنے کی آزادی ہو،شاہ رخ خان
ممبئی: گزشتہ روز بھارت کا 70 واں جشن آزادی منایا گیا، تاہم اس موقع پر بھارتی اداکاروں نے نام نہاد سیکیولر بھارت کا مکروہ چہرہ سب کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے ایک محفوظ اور بہتر بھارت کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا، بھارت کے بارے میں بالی ووڈ اسٹارز کیا سوچتے ہیں ان کی اپنے ملک کے بارے میں کیا رائے ہے یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔
شاہ رخ خان
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بھارت میں کروڑوں مداح ہیں جوان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے گھنٹوں لائنوں میں لگے رہتے ہیں، شاہ رخ خان بھی اپنے ملک اور مداحوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں محب وطن شہری ہونے کے باوجود شاہ رخ خان کا مسلمان ہونا جرم بن گیا ہے اور مسلمان ہونے کی وجہ سے انہیں کئی بارنہایت محتاط انداز میں بات کرنے کے ساتھ اپنی وطن سے محبت ثابت کرنی پڑتی ہے، انہوں نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس یوم آزادی پر اگر انہیں آزادی کیلئے کسی چیز کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ بنا جھجھکے بولنے کی آزادی چاہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آزادی کے ساتھ اظہار خیال کرنے سے بہت ڈرتاہوں کیونکہ اگرمیں کوئی سنجیدہ بات کرتاہوں تو دوسرے دن میڈیا اسے توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے لہٰذا مجھے عوامی مقامات پر یا میڈیا کے سامنے بات کرنے سے بہت ڈر لگتا ہے، مجھے خود پتہ نہیں ہوتا کہ میری بات کا کیا مطلب نکالا جائے گا صرف میں ہی نہیں بلکہ میرے بچے بھی اسی خوف میں جی رہے ہیں، اس لیے میں بولنے کی آزادی چاہتا ہوں، میں ایک ایسا ملک چاہتا ہوں جہاں میں بلا خوف و خطر اپنے خیالات کا اظہار کرسکوں لیکن مجھے یہ آزادی ملنا مشکل ہے۔
رنبیرکپور
بالی ووڈ کےچاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں بیت الخلا سب سے بڑامسئلہ ہے، کھلے میں رفع حاجت کرنے کی وجہ سے کئی لوگ خاص طور پر خواتین کئی مسائل کا شکار ہوچکی ہیں جب کہ کئی لوگوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے، لہٰذا ہمیں کسی مسیحا یا فرشتے کا انتظار کیے بغیر اپنے ملک کے مسائل حل کرنے کیلئے خود سامنے آنا ہوگا، بھارت میں بہت گندگی اور غربت ہے، میں بھارت کو صاف دیکھنا چاہتا ہوں، اپنے ملک کو صاف رکھنے کیلئے میں ہر جگہ کھڑا ہوں لیکن نجانے میری یہ خواہش کب پوری ہوگی۔
سری دیوی
بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سری دیوی نے بھارت کے سب سے بڑے مسئلے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بھارت میں خواتین بالکل بھی محفوظ نہیں ہیں، میں آزادی کے موقعے پرایک ایسے ملک کا تصور کرتی ہوں جہاں مجھے اپنی بیٹیوں کو لے کر یہ خوف محسوس نہیں ہوگا کہ اگر وہ کہیں باہر یا کسی پارٹی میں گئی ہیں تو صحیح سلامت گھر واپس کب لوٹیں گی ، بھارت کو آزاد ہوئے 70 برس گزر گئے لیکن خواتین کیلئے ہمارے معاشرے کی سوچ اب بھی نہیں بدلی ہے ، بھارت میں عورتیں آج بھی غیرمحفوظ ہیں اور ان کی حفاظت کیلئے کوئی موثر اور سخت قانون بھی نہیں ہے، عورتوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرموں کو چند مہینوں بعد ہی چھوڑدیا جاتا ہے ہمارے ملک میں انسانوں کے بھیس میں آج بھی شیطان گھوم رہے ہیں لہٰذا میں ایک ایساملک چاہتی ہوں جہاں پر عورت مکمل طور پر محفوظ رہے۔