سشمیتا سین نے صحتیاب ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر ریمپ پر جلوے بکھیر دیئے
خوبصورت ترین خاتون کا اعزاز رکھنے والی سشمیتا سین کی حال ہی میں دل کی سرجری ہوئی ہے۔
بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے صحتیاب ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر ریمپ پر جلوے بکھیر دیئے۔
حال ہی میں دل کا شدید دورہ پڑنے کی وجہ سے کئی دنوں اسپتال میں گزارنے کے بعد اداکارہ سشمیتا سین نے لیکمی فیشن ویک میں بطور شو اسٹاپر انٹری دے دی۔
اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کا رُخ کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن میں گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ سشمیتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ دیر پہلے لیکمی فیشن ویک میں انوشری ریڈی کی شُوز ٹاپر کے طور پر ریمپ واک کی ہے۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے مداحوں اور میڈیا کی جانب سے ملنے والے پیار اور محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن پر بہت کرم رہا ہے اور وہ ہمیشہ اس بات کو دہراتی رہتی ہیں۔
سشمیتا سین کا فیشن ڈیزائنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا ’میں انوشری کی وجہ سے واقعی بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں کیونکہ اس نے مجھے آنے اور شُو اسٹاپر بننے کے لیے کہا۔‘
لیکمی فیشن ویک کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سشمیتا سین کو ریمپ پر سنہرے لباس میں جلوے بکھیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سشمیتا سین نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ان کو دل کا دورہ پڑا اور پھر ان کی سرجری بھی ہوئی۔ اداکارہ نے مداحوں کو بتایا تھا کہ دل کا دورہ کافی شدید تھا اور دل کی ایک اہم شریان 95 فیصد بند تھی اس لئے ان کی انجو پلاسٹی ہوئی اور اسٹنٹ بھی ڈالا گیا۔