شلپا کی تصاویر کھینچنے پر فوٹوگرافراسپتال پہنچ گئے
ممبئی: بھارتی فوٹو گرافرز کو نامور اداکارہ شلپا شیٹھی کی تصاویر کھینچنا مہنگا پڑگیا، اداکارہ کی تصاویر کھینچنے پر دونوں فوٹوگرافرز کی اتنی دھلائی ہوئی کہ دونوں اسپتال پہنچ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا شیٹھی اپنے شوہر راج کندرا کے ساتھ ممبئی کے ہوٹل میں ڈنر کرنے گئیں جہاں سے واپسی پر ہوٹل کے باہر دو فوٹوگرافرز نے ان کی تصاویر لینی شروع کردیں جس پر ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈز نے انہیں منع کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں باز نہیں آئے اور تصاویر کھینچنا جاری رکھیں، مزے کی بات یہ ہے کہ شلپا شیٹھی نے فوٹو گرافرز کو ایک بار بھی منع نہیں کیا اور مزے سے پوز دیتی رہیں بعد ازاں شلپا جیسے ہی اپنی کار میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہوئیں سیکیورٹی گارڈز نے فوٹو گرافرز پر حملہ کردیا اور مار مار کر ان کی حالت خراب کردی۔
اس حملے میں راجو اور ہیمانشو شیندے نامی دونوں فوٹوگرافرز کو کافی گہرے زخم آئے جب کہ ایک فوٹو گرافر کو اتنی زیادہ چوٹیں آئی ہیں کہ اس کے کپڑے پھٹ گئےاور اس کے چہرے سے خون نکل آیا ، اس واقعے کے بعددونوں نے پولیس کو کال کی لیکن نہ ہی کسی نے فون اٹھایا اور نہ ہی کوئی مدد کرنے آیا، بعد ازاں دونوں فوٹو گرافرز اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال گئے اور اپنا علاج کرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوٹل کے مالک کے فون کرنے پر پولیس وہاں پہنچیں اور دونوں گارڈز کو گرفتار کرلیا، تاہم اس بارے میں اداکارہ شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر کی جانب سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔