صبا قمرنے گھراور جائیداد ضبط ہونے کی تردید کردی
کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے اپنا گھر اور جائیداد ضبط ہونے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنا تصدیق کے ان کے بارے میں کچھ بھی نہ لکھا جائے۔ 3روز قبل پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر اور نور بخاری کے بارے میں یہ خبر وائرل ہوئی تھی کہ ان دونوں اداکاراؤں نے 2015 سے ٹیکس ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے ایف بی آر نے دونوں کا گھر اور جائیداد کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ خبر پاکستانی میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تاہم اس خبر کے حوالے سے صبا قمر اور نور کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا لیکن اب صبا قمر نے نہ صرف اپنے بارے میں افواہیں پھیلانے والوں کو کڑا جواب دیا ہے بلکہ غلط خبر یں پھیلانے پر میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
صبا قمر نے گزشتہ روز انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ان دنوں ان کے گھر اور جائیداد کو ضبط کیے جانے کی خبریں میڈیا پر گردش کررہی ہیں لیکن یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے ایسا کچھ بھی نہیں ہے نہ ہی ایف بی آر نے ان کا گھر سیل کیا ہے اور نہ ہی ان کے بینک اکاؤنٹ بند کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ چینلز بنا تصدیق کیے یہ خبر چلا رہے ہیں کہ صبا قمر ٹیکس نادہندہ ہے میڈیا ہاؤسز کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے کیونکہ وہ باقاعدگی سے تمام ٹیکسز ادا کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کچھ اشاعتی اداروں نے بنا اجازت میرے گھر کا ایڈریس شائع کردیا وہ لوگ ایسا کیسے کرسکتے ہیں، لہٰذا میری درخواست ہے کہ بنا تصدیق کیے کسی کے بھی بارے میں جھوٹی خبر نہ پھیلائی جائیں۔