شادی کا راز چھپانے پر ملکہ حسن کا تاج چھن گیا
ڈھاکا: بنگلا دیش کی ملکہ حسن جنت النعیم ایورل سے شادی کو خفیہ رکھنے کے جرم میں ملکہ حسن کا تاج واپس لے لیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صرف 5 روز قبل ہی بنگلا دیش کی ملکہ حسن قرار دی جانے والی جنت النعیم کو اس وقت اپنا تاج واپس کرنا پڑ گیا جب ان کے حوالے سے انکشاف ہوا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور انہوں نے شادی کو خفیہ رکھا اور جھوٹ سے کام لیا۔
بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگالی حسینہ جنت النعیم کی شادی مارچ 2013 میں ہوئی اور 2 ماہ جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی تھی لیکن مس ورلڈ بنگلا دیش میں کسی ایسی خاتون کو نمائندگی کا موقع نہیں دیا جاسکتا جس نے اپنے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی ہوں جب کہ مقابلے کے قواعد و ضوابط کے تحت صرف غیر شادی شدہ خواتین ہی مس ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لے سکتی ہیں۔ اس لئے جنت النعیم سے ٹائٹل واپس لیے جانے کے بعد رنر اپ جیسن اسلام کو ‘مس ورلڈ بنگلا دیش’ کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔
دوسری جانب 27 سالہ جنت النعیم کا کہنا ہے کہ ٹائٹل چھین لینے کا فیصلہ میری شکست نہیں بلکہ یہ بنگلہ دیش کے قوانین کی شکست ہے۔ اعتراف کرتی ہوں کہ میری شادی صرف 16 سال کی عمر میں ہوئی جب میں دسویں جماعت کے امتحان کے بعد صرف ایک ماہ ہی ہوا تھا اور مجھے شادی کے لئے زبردستی مجبور کیا گیا تو کیا اسے شادی کہیں گے وہ عمر کیا ہوتی ہے میں اپنی عمر کے حوالے سے تمام دستاویزی ثبوت پیش کرسکتی ہوں۔