کینیڈین فنکارہ روپی کور کا بائیڈن انتظامیہ کی تقریبِ دیوالی کا بائیکاٹ
دیوالی تہوار بھلائی کی برائی پر اور علم کی جہالت پر جیت کا جشن ہے
میں ایسے ادارے کی دعوت کو مسترد کرتی ہوں جو معصوم لوگوں پر ظلم کرنے کی حمایت کر رہا ہے
بھارتی نژاد کینیڈین شاعرہ اور فنکارہ روپی کور نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے پر بائیڈن انتظامیہ کی دیوالی کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔
روپی کور نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی حمایت کے باوجود بھی بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے دیوالی کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ موصول ہونے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ کچھ دنوں پہلے مجھے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے دیوالی کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ موصول ہوا، میں حیران ہوں کہ یہ انتظامیہ ایک ایسے وقت میں دیوالی منا رہی ہے جب یہ خود فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی حمایت کر رہی ہے۔
I received an invite from the Biden administration for a Diwali event being held by the VP on nov 8. I decline any invitation from an institution that supports the collective punishment of a trapped civilian population—50% of whom are children. pic.twitter.com/J3V5om89Se
— rupi kaur (@rupikaur_) November 6, 2023
فنکارہ نے مزید لکھا ہے کہ دنیا بھر میں موجود جنوبی ایشیاء سے تعلق رکھنے والے لوگ دیوالی کا تہوار مناتے ہیں، ہندو مت، جین مت اور سکھ مذاہب کی روایات کے مطابق دیوالی بھلائی کی برائی پر اور علم کی جہالت پر جیت کا جشن ہے۔
آخر میں اُنہوں نے لکھا ہے کہ اسی لیے میں ایسے ادارے کی طرف سے موصول ہونے والے دعوت نامے کو مسترد کرتی ہوں جو معصوم لوگوں پر ظلم کرنے کی حمایت کر رہا ہے۔