پرکشش نظر آنے کیلیے اداکاراؤں کی محنت
کراچی: پردہ اسکرین پر حسین اور خوبصورت نظر آنے والی اداکارائیں خود پر کشش رکھنے کے لیے کافی محنت کرتی ہیں۔ اپنی خوبصورتی کے ذریعے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی اداکاراؤں میں نوعمر اداکاراؤں کے ساتھ عمر رسیدہ اداکارائیں بھی شامل ہیں لیکن اپنی خوبصورتی اور متناسب جسم کے باعث انہوں نے اپنے سے کہیں کم عمر اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اداکارہ شلپا شیٹھی ، بپاشا باسو اور ملائکہ اروڑا خان وغیرہ اس کی بہترین مثال ہیں۔ یہ اداکارائیں عمر رسیدہ ہونے کے باوجود خود کو جوان رکھنے کے لیے کتنی محنت کرتی ہیں آئیے دیکھتےہیں۔
عام طور پر برصغیر کی خواتین 40 سال عمر ہونے کے بعد ازخود بوڑھی بن جاتی ہیں اور تمام کاموں سے ہاتھ پیچھے کھینچ لیتی ہیں لیکن بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ اور ارباز خان کی سابقہ بیوی ملائکہ اروڑا44 سال کی ہونے کے باوجود آج بھی کسی نوجوان اداکارہ سے کم دکھائی نہیں دیتیں، ملائکہ اروڑا خود کو جوان رکھنے کے لیے جم میں کئی کئی گھنٹے روزانہ ورزش کرتی ہیں اور یہی ان کی خوبصورتی کا راز ہے۔
نامور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ ان کی عمر نے بڑھنا بند کردیا ہے تو غلط نہ ہوگا، شلپا شیٹھی 42 سال کی ہوچکی ہیں اورا ن کا ایک بیٹا بھی ہے تاہم وہ آج بھی کسی نوجوان اداکارہ کو خوبصورتی میں مات دے سکتی ہیں ، شلپا شیٹھی بھی سدا جوان نظر آنے کے لیے کئی گھنٹے ورک آؤٹ کرتی ہیں۔
بالی ووڈ کی بیگم کرینہ کپور خان کا وزن گزشتہ برس تیمور علی خان کی پیدائش کے بعد کافی بڑھ گیا تھا۔ تاہم بالی ووڈ میں دوبارہ انٹری دینے کے لیے کرینہ کپور دن رات محنت کررہی ہیں اور اپنے مقصد میں کسی حد تک کامیاب بھی ہوچکی ہیں، کرینہ کا وزن گزشتہ برس دسمبر کے مقابلے میں کافی حد تک کم ہوچکا ہےاور انہوں نے ا پنی فلم ’’ویرے دی ویڈنگ‘‘کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔
اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کا وزن ابتدا میں اتنا زیادہ تھا کہ کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ وہ فلموں میں بطورہیروئن آسکتی ہیں لیکن سوناکشی نے اپنے وزن میں حیرت انگیز کمی کرکے تمام لوگوں کے منہ بند کردئیے۔ سوناکشی متناسب جسم اور خوبصورت نظر آنے کے لیے اب بھی ورزش کرتی ہیں۔
بالی ووڈ کی باربی ڈول اداکارہ کترینہ کیف کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، کترینہ کیف خود کو خوبصورت رکھنے کے لیے کئی کئی گھنٹے ورزش کرتی ہیں۔