دیپیکا پڈکون کے نئے گانے ’ گھومر‘ میں پہنے گئے لہنگے کی ہوشربا قیمت
ممبئی: بالی ووڈفلم ’ پدماوتی‘ کی ریلیز میں تھوڑا ہی عرصہ باقی رہ گیا ہے اور جوں جوں فلم کی ریلیز کا وقت قریب آتا جا رہا ہے توں توں اس کے بارے میں ہر روز نت نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں، ایسا ہی ایک انکشاف دیپیکا کے لہنگے کے بارے میں بھی ہوا ہے جو لاکھوں روپے میں تیار کیا گیا تھا۔ فلم پدماوتی کا گانا ’ گھومر ‘ کچھ روز پہلے ریلیز کردیا گیا ہے جس میں دیپیکا انہتائی وزنی لہنگا پہن کر رقص کرتی نظر آتی ہیں، اب اس لہنگے کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کی تیاری میں 30 لاکھ روپے کے اخراجات آئے ہیں ۔ اگر اس رقم کو پراپرٹی میں تبدیل کیا جائے تو یہ اتنی زیادہ بنتی ہے کہ بھارت کے کسی بھی میٹروپولیٹن شہر (ممبئی یا دہلی) میں اتنے پیسوں سے سٹوڈیو خریدا جا سکتا ہے ، یہ لہنگا فیشن ڈیزائنرز رمپل اور ہرپریت نارولا نے مل کر بنایا ہے۔ اس سے قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم باجی راﺅ مستانی میں بھی دیپیکا پڈکون نے انتہائی بھاری لباس کے ساتھ مہنگے زیورات پہنے تھے، اس فلم میں دیپیکا پڈکون کے زیورات کا خرچہ 45 لاکھ روپے تھا۔ اس سے قبل سوناکشی سنہا اپنی فلم تیور کے گانے ’ رادھا ‘ میں 75 لاکھ روپے مالیت کا لباس پہن چکی ہیں ، اس گانے پر ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی ۔ سنجے لیلا بھنسالی کی 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم دیوداس میں مادھوری ڈکشٹ نے گانے ’ کاہے چھیڑ چھیڑ موہے‘ میں 15 لاکھ روپے کا لہنگا پہنا تھا جس کا وزن 30 کلوگرام تھا۔