ایشوریا رائے کی فلم کی شوٹنگ کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر شدید زخمی
ممبئی: ایشوریا رائے کی فلم ’’فینی خان‘‘کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر پیش آنے والے حادثےمیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیا۔ نامور بالی ووڈ اداکارہ اور سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے کی فلم ’’فینی خان‘‘کی شوٹنگ ممبئی کے علاقے ’’فلورا فاؤنٹین‘‘میں زوروشور سے جاری ہے۔ فلم میں ایشوریا رائے اور انیل کپور 17 سال بعد ایک بار پھر اسکرین پر جلوے بکھیریں گے اس سے قبل دونوں فلم’’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘‘میں نظرآئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز فلم کے سیٹ پرخوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں فلم کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے ایک سین کی شوٹنگ کے دوران تیز رفتار موٹر سائیکل نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو اس وقت ٹکر ماردی جب وہ روڈ کراس کررہی تھیں ۔ ڈائریکٹر کے کانوں پر ہیڈ فون لگے ہوئے تھے اور وہ واکی ٹاکی پر بات کررہی تھی جس کے باعث وہ موٹر سائیکل کی آواز نہ سن سکی اور حادثہ پیش آگیا۔
حادثے کے نتیجے میں ڈائریکٹر شدید زخمی ہوگئیں جب کہ سیٹ پر موجود تمام لوگ گھبرا گئے اور انہیں فوراً اسپتال منتقل کیاگیاجہاں ان کا علاج جاری ہے۔حادثے کی خبر سنتے ہی ایشوریا رائے فوراً سیٹ پر پہنچیں۔
واضح رہے کہ اتول مہاجن کی ہدایت کاری میں بننےو الی فلم ’’فینی خان‘‘ کو ارجن کپور اور پریرنا ارورا نے پروڈیوس کیاہے فلم میں ایشوریا رائے اور انیل کپور کے علاوہ اداکار راج کمار راؤ اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم آئندہ سال 13 اپریل 2018 کو ریلیز کی جائے گی۔