انٹرٹینمنٹ

پیراڈائز لیکس میں نام، کرپشن کے الزام، امیتابھ جھنجھلا اٹھے

ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 75 برس ہوچکی ہے اور اس عمر میں وہ سکون و آزادی چاہتے ہیں۔ بالی ووڈ میں بگ بی کے نام سے مشہور اداکار امیتابھ بچن نے گزشتہ روز ایک بلاگ لکھا ہے جس میں انہوں نے پاناما پیپرز، اپنی جائیداد میں غیرقانونی تعمیراور بوفورس اسکینڈل سے متعلق اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات سے تنگ آگیا ہوں۔ انہوں نے بلاگ میں لکھا ہے کہ اپنی زندگی کی اس اسٹیج پر مجھے سکون اور آزادی کی تلاش ہے۔ میری زندگی کے چند آخری سال ہی رہ گئے ہیں اور یہ وقت میں اپنے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں۔ مجھے نہ ہی شہرت کی تلاش ہے اور نہ ہی سرخیوں کا حصہ بننا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے امیتابھ بھارتی علاقے گورے گاؤں میں واقع اپنی جائیداد پر غیر قانونی تعمیر کے تنازعے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ممبئی کے بلدیاتی ادارے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)کی جانب سے انہیں نوٹس بھی جاری کیاگیا تھا جس کے جواب میں بگ بی کے وکیل نےغیر قانونی تعمیر سے انکار کیا۔ بی ایم سی کی جانب سے نوٹس جاری کرنے پر امیتابھ نے بلاگ میں اپنی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایاہے کہ اس وقت میں اپنی زندگی کے مشکل دور سے گزررہاہوں مجھے بی ایم سی کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے اور مجھےاس نوٹس کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بی ایم سی کی جانب سے لگائے جانےوالے الزامات پر امیتابھ کا کہنا تھا کہ یہ معاملات سسٹم کو حل کرنے چاہئیں نہ کہ میڈیا کو۔ گزشتہ 4 دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کرنے والے بگ بی نے اپنے بلاگ میں بوفورس اسکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میرا اور میرے خاندان کانام بوفورس اسکینڈل میں لیا گیا۔ سالوں تک ہمیں اس کیس میں پریشان کیا گیا تقریباً 25 سال گزرنے کے بعد میرانام اس اسکینڈل سے ہٹادیا گیا ہے۔ میڈیا نے اس اسکینڈل کے متعلق کئی بار مجھ سے پوچھا کہ بوفورس اسکینڈل میں نام آنے کے بعد میرا اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا کیا میں اس میں اپنانام شامل کرنےوالوں سے متعلق معلومات حاصل کروں گا یا اپنے اوپر جھوٹا الزام لگانے والوں کو سزا دوں گا۔ امیتابھ نے کہا کہ کیا سزا دینے سے میرے وہ سال واپس آجائیں گے جو میں نے ذہنی ٹیشن اوراذیت میں گزارے ہیں کیا اس طرح مجھے سکون مل جائےگا۔ میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا میرے لیے یہ معاملہ ختم ہوچکا ہے۔ بگ بی نے بلاگ میں پاناما پیپرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے کئی بار اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی میری طرف سے دو بار جواب بھی داخل کروایا گیا لیکن یہ معاملہ ابھی بھی زیرتفتیش ہے۔ میں ایک ذمہ دار شہری ہوں اور میں نے ہمیشہ پاناما پیپرز میں مکمل تعاون کیا ہے اور آگے بھی کروں گا۔ واضح رہے کہ پاناما پیپرز کے بعد گزشتہ روز’’پیراڈائز لیکس‘‘دستاویزات منظرعام پر آئی ہیں۔ جن میں امیتابھ بچن کا نام بھی شامل ہے۔ ریکارڈ زکے مطابق امیتابھ کانام 2002 میں برمودا میں’’جلوہ میڈیا لمیٹڈ‘‘کے نام سے قائم کمپنی میں بطور شیئر ہولڈر سامنے آیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close