سلمان خان کا کترینہ کیف کے ساتھ بوس و کنار کے مناظر کرنے سے انکار
ممبئی: سلمان خان نے کترینہ کیف کے ساتھ فلم ٹائیگر زندہ ہے میں بوس و کنار کے مناظر کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث فلم سے ایسے مناظر کو کاٹ دیا گیا ہے۔ بالی ووڈ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اب تک متعدد فلموں میں کام کیا لیکن طویل ترین فلمی کیرئیر ہونے کے باوجود سلمان خان نے آج تک بوس وکنار کے مناظر کی عکس بندی نہیں کرائی۔
سلمان خان فلمی کیرئیر کے دوران متعدد کرداروں میں جلوہ گر ہوئے ہیں لیکن آج تک انہوں نے کبھی بھی کوئی بوس و کنار والے مناظر کی عکس بندی نہیں کرائی اور ایسا نہ کرنے کی وجہ وہ اپنی والدہ کو بتاتے ہیں، فلموں کی شوٹنگ کے دوران کئی مرتبہ بوس و کنار والے مناظر آئے لیکن سلو میاں نے ہمیشہ ایسے مناظرکو فلم کی کہانی سے کٹوادیا اور اب ایک بار پھر سلمان خان نے بوس و کنار کے مناظر کرنے سے انکار کرتے ہوئے فلم سے سین کو ہی نکال دیا ہے۔
سلمان خان ان دنوں کترینہ کیف کے ساتھ فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں ایک جگہ بوس و کنار کے مناظر اداکرنے تھے جب کہ فلم ہدایت کار علی عباس ظفر کو لگا کہ شاید کترینہ کی وجہ سے اس بار دبنگ خان منع نہ کرپائیں لیکن سلمان خان نے بوس و کنار کے مناظر فلمانے سے صاف انکار کردیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے سلمان خان کو بوس و کنار کے مناظر فلمانے کے لیے ہر طرح سے منانے کی کوشش کی لیکن سلو میاں اپنے فیصلے سے پیچھے نہ ہٹے بالآخر فلم سے بوس و کنار کے مناظر کو ہی کاٹنا پڑا۔