جویریہ عباسی کے اپنے دوسرے شوہر سے متعلق حیران کُن انکشافات
میری طرح عدیل کی بھی یہ دوسری شادی ہے
اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے شوہر سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میری طرح عدیل کی بھی یہ دوسری شادی ہے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ جویریہ عباسی نے اپنے دوسرے شوہر کی پہلی شادی سے متعلق حیران کُن انکشافات کردیے۔
جویریہ عباسی نے کہا کہ میری طرح عدیل کی بھی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی اور سابقہ اہلیہ سے اُن کے بچے بھی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میرے اور عدیل کے درمیان بیٹی عنزیلہ کی شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوچکے تھے لیکن میرے لیے سب سے پہلی ترجیح بیٹی کی شادی تھی، بیٹی کی شادی کے بعد ہی میں نے اپنی شادی کا فیصلہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس ڈھائی تین سال کے عرصے میں عدیل مسلسل شادی کی پیشکش کرتے رہے لیکن میں انکار کرتی رہی اور جب میں راضی ہوئی تو عدیل نے نخرے دکھائے لیکن بالآخر ہماری شادی ہوگئی۔
جویریہ عباسی نے مزید کہا کہ ہم نے رواں سال مارچ میں چند قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں نکاح کیا اور اب ہماری شادی کو 6 ماہ ہوچکے ہیں۔
جویریہ عباسی کی پہلی شادی سال 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، شادی کے ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔
جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کے درمیان سال 2009 میں طلاق ہوگئی تھی، والدین کی طلاق کے بعد سے عنزیلہ عباسی اپنی والدہ کے پاس ہی رہیں اور سال 2023 میں جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی کی شادی کردی تھی۔