انٹرٹینمنٹ

اداکارہ شلپا شیٹھی نے گھر سے بےدخلی کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا

منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو نوٹس ملا تھا جس میں اپنا رہائشی فلیٹ اور فارم ہاؤس خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی اور اُن کے بزنس مین شوہر راج کندرا نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں اپنا رہائشی فلیٹ اور ایک فارم ہاؤس خالی کرنے کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا۔

شلپا شیٹھی اور اُن کے شوہر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ملنے والے نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا، جوڑی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پر آج 9 اکتوبر بدھ کے روز سماعت ہوئی۔

عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی سماعت جمعرات کو مقرر کی۔

شلپا شیٹھی اور راج کندرا کے وکیل نے کہا کہ اداکارہ اور اُن کے شوہر کو بے دخلی کا نوٹس 3 اکتوبر کو موصول ہوا تھا، انہوں نے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ای ڈی نے اپنی جانچ پڑتال کے دوران راج کندرا کو کئی مواقع پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا اور وہ ہر سمن کے بعد ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

درخواست کے مطابق رواں سال اپریل میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو ایک نوٹس موصول تھا جس میں ان کے اثاثوں کو عارضی طور پر ضبط کرنے کا حکم دیا گیا تھا جن میں جوہو میں ان کی رہائشی جگہ بھی شامل تھی جو راج کندرا کے والد نے سال 2009 میں خریدی تھی۔

بعدازاں، اس نوٹس کو خارج کردیا گیا تھا اور 27 ستمبر اور 3 اکتوبر کو شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو دو نوٹس موصول ہوئے تھے جس میں اُنہیں اپنا رہائشی فلیٹ اور فارم ہاؤس خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا سے قبل بےدخلی کا کوئی حکم یا نوٹس جاری نہیں کیا جا سکتا جبکہ شلپا شیٹھی اور راج کندرا کی رہائشی جگہ کا منی لانڈرنگ کیس کی کسی آمدنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close