اداکارہ رشمیکا مندانا انڈین سائبر سیفٹی سفیر مقرر
اداکارہ رشمیکا مندانا کو انڈیا کا قومی سفیر برائے سائبر سیفٹی مقرر کر دیا گیا
بھارت میں سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا کو وزارت داخلہ کے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (I4C) نے “قومی سفیر برائے سائبر سیفٹی” مقرر کر دیا ہے۔
اداکارہ اب ملک بھر میں سائبر آگاہی مہمات کی قیادت کریں گی جن کا مقصد عوام کو مختلف آن لائن دھوکہ دہی، ڈیپ فیک ویڈیوز، سائبر بُلیئنگ، اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی جعلی مواد سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔
رشمیکا مندانا نے اپنی نئی ذمہ داری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، “سائبر جرائم ایک سنگین اور وسیع خطرہ ہیں جو افراد، کاروبار، اور کمیونٹیز کو متاثر کرتے ہیں۔ میں نے خود اس کا تجربہ کیا ہے اور اس لیے میں ان مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔”
اداکارہ خود بھی سائبر جرائم کا شکار رہی ہیں جب ان کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اسی واقعے کے بعد انہوں نے ان مسائل پر کھل کر بات کی اور آگاہی پھیلانے کا فیصلہ کیا۔
رشمیکا نے اپنے مداحوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اس قومی مہم کا حصہ بنیں تاکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل دنیا بنائی جا سکے۔