میرے کیس میں اہلیہ کا نام جوڑ کرانکی ساکھ کو نقصان پہنچایا جارہا ہے
شلپا شیٹی نے اپنی محنت سے نام کمایا ہے،میرے تنازع کو اہلیہ سے جوڑنا غیر منصفانہ عمل ہے
سنسنی خیز رپورٹنگ اور کلک بیٹ کی غرض سے میڈیا نے کیس میں شلپا شیٹی کی تصاویر کا استعمال کیا
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور بھارتی بزنس مین راج کندرا نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ کا ان کے کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا مگر میڈیا نے ان کے کیس میں اہلیہ کا نام جوڑ کر ان کے خاندان کو اور شلپا شیٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
راج کندا نے الزام عائد کیا ہے کہ سنسنی خیز رپورٹنگ اور کلک بیٹ کی غرض سے میڈیا نے ان کے کیس میں اہلیہ شلپا شیٹی کی تصاویر کا استعمال کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راج کندرا کا کہنا تھا کہ جب ان کے کیس میں ان کے اہل خانہ کو ملوث کیا گیا، تب انہیں لگا کہ اس معاملے پر بات کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ خاموش رہتے ہیں تو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ چھپ رہے ہیں۔
اہلیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے راج نے کہا کہ شلپا شیٹی نے اپنی محنت سے نام کمایا ہے، اس لیے ان کے تنازع کو اہلیہ سے جوڑنا غیر منصفانہ عمل ہے اور اس سے اداکارہ کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، میڈیا صرف کلک بیٹ اور ویوز کے لیے شلپا کا نام استعمال کر رہا ہے۔
راج کندرا نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے تاجر اور آئی پی ایل ٹیم کے مالک کے طور پر بھارت میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ شلپا کے شوہر نے کہا کہ وہ خود ایک غیر معروف شخصیت ہیں، مگر ان کی اہلیہ ایک اداکارہ اور شوبز اسٹار ہیں اور ان کے خاندان کو بلاوجہ کیس میں گھسیٹنا غلط ہے۔
راج کندرا نے فحش فلمیں بنانے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات سے انہیں بہت تکلیف پہنچی ہے، مگر انہیں عدالتوں پر مکمل بھروسہ ہے کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔
یاد رہے کہ 2019 میں راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے اور تقسیم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اگلے سال انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ (ای ڈی) نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس بھی درج کیا تھا۔