’ہم جنس پرست کاکردارکرتےہوئے کوئی خوف نہیں
پاکستان کے نامور اداکار اور اب ہندوستان میں بھی نام کمانے والے فواد خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں ہم جنس پرست کا کردار ادا کرنے میں کوئی خوف محسوس نہیں ہوا34 سالہ فواد خان نے فلم میں ہم جنس پرست کا کردار نبھانے کے حوالے سے کہا کہ کوئی بھی ہم جنس پرست ہوسکتا ہے، لیکن فلم میں اس سے زیادہ یہ دکھایا گیا ہے کہ ایک خاندان کیسے آپس کے اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
فواد خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ اُنہیں ہم جنس پرست کا کردار ادا کرنے میں کوئی مشکل پیش آئی، تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں بالکل کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ میرے ایک دوست نے مجھے مشہور پاکستانی اداکار ضیا محی الدین کی مثال دی، جنہوں نے اپنی ایک فلم میں خواجہ سرا کا کردار ادا کیا تھا، اس وقت لوگ خواجہ سراؤں کا مذاق اڑاتے تھے اس لیے اس حوالے سے دیکھا جائے تو ضیا محی الدین کا ایک مشکل اور بڑا فیصلہ تھا۔
انہوں نے امید ظاہر کی وقت کے ساتھ لوگوں کے ہم جنس پرستی کے حوالے سے خیالات بدل جائیں گے اور جو لوگ آج اس طرح کی چیزیں اور کردار دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں وہ اسے قبول کرنا شروع کردیں گے۔
واضح رہے فواد خان کی چند روز قبل ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ باکس آفس پر کامیابی سے بزنس کر رہی ہے۔
شکن بترا کی ہدایت میں بنی فلم میں فواد خان کے ہمراہ، سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ، رشی کپور، رتنا پاٹھک، اور رجت کپور نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
’کپور اینڈ سنز‘ پھلکی رومانوی، اور طنز و مزاح سے بھرپور ایک مڈل کلاس خاندان کے گھریلو مسائل کی عکاسی کرتی ہوئی فلم ہے جس میں فواد اور سدھارتھ نے بھائیوں کا کردار ادا کیا ہے۔یاد رہے کہ فواد خان کی بولی وڈ میں یہ دوسری فلم ہے، اس سے قبل 2014 میں ریلیز ہوئی ان کی ڈیبیو فلم ’خوبصورت‘ نے بھی اچھی پذیرائی حاصل کی تھی۔