سپریم کورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد: سندھ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ نے بھی ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ اور کسٹم حکام کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ماڈل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو کسی کو مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا، ریاست قانون کے مطابق فیصلہ کرے کہ ماڈل کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ہے یا نہیں۔ کس کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ہے اور کس کا نہیں، یہ ریاست کا کام ہے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بھی 7 مارچ کو وزارت داخلہ اور کسٹم حکام کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔
ماڈل ایان علی کو گزشتہ برس مارچ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے 5 لاکھ ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔