رتیک روشن میرے لئے رول ماڈل ہیں اور میں ان جیسا بننا چاہتا ہوں۔ ٹائیگر شروف
اپنی پہلی فلم ’ہیرو پتی‘ میں ٹائیگر شروف نے شائقین کو اپنے رقص اور ایکشن سے متاثر کیا تھا اور اب اس فلم کی ٹیم کی دوسری پیشکش ہے ’باغی‘۔ فلم کے اہم اداکار ٹائیگر شروف نے کہا کہ وہ خود کو بنیادی طور زندگی میں غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔’مجھے اس انڈسٹری میں ایک سال ہو گیا ہے لیکن ابھی تک میرا کوئی دوست نہیں بنا اور اس کی سب سے بڑی وجہ ہے میرا شرميلاپن۔‘ ٹائیگر کا مزید کہنا تھا کہ ’پتہ نہیں کیوں میں لوگوں کے درمیان زیادہ بول نہیں پاتا۔ میں اپنے آپ کو بےحد غیر محفوظ محسوس کرتا ہوں، جیسے کیا مجھے فلمیں ملیں گی؟ کیا ناظرین مجھے اپنائیں گے؟ شاید میں نے اپنے کام کے حوالے سے دوسروں کے مقابلے زیادہ سوچتا ہوں۔‘اپنے بارے میں وہ کہتے ہیں ’میں ملنسار نہیں ہوں اور اکیلے رہنا ہی پسند کرتا ہوں۔ ابھی میری زندگی میں کام کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے اور مجھے ایسی ہی زندگی جینا پسند ہے۔‘ٹائیگر نے کہا کہ ان کو خوشی ہے کہ ان کے والد نے کبھی کہیں میری سفارش نہیں کی۔ ’میں ناظرین کو یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ میں صرف اس لیے یہاں نہیں ہوں کہ میں جیکی شروف کا بیٹا ہوں۔‘ رتیک روشن کی نقل کرنے کے الزام پر ٹائیگر نے کہا ’جی ہاں، میں مانتا ہوں کہ میں رتیک جیسا ایکشن اور رقص کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ وہ میرے رول ماڈل ہیں۔ میں نے بہت کچھ سیکھا ہے، میں چاہتا ہوں میرا ایکٹنگ کریئر بھی انہی کی طرح ہو اور میں ان کے نقشے قدم پر چلنا چاہتا ہوں۔‘رتیک کو لوگ ’كرش‘ کے کردار سے جانتے ہیں اور ٹائیگر چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں بھی ان کے سپر ہیروز کردار ’پرواز جٹ‘ کے نام سے جانیں۔