مشہور گلوکار پرنس 57 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
مشہور اور مایہ ناز گلوکار پرنس امریکی شہر مینیسوٹا میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 57 برس تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کو جمعرات کو پیزلی پارک میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بلایا گیا جہاں ان کی لاش لفٹ میں ملی۔
پولیس نے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پرنس کی ترجمان نے ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انتہائی بوجھل دل کے ساتھ میں تصدیق کرتی ہوں کہ لیجنڈ فنکار، پرنس روجرز نیلسن اس دنیا میں نہیں رہے۔‘
گزشتہ ہفتے بھی جب وہ سٹیج پر گانا گا رہے تھے، تبھی ان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور انھیں ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن پھر وہ جلد ہی ٹھیک ہو گئے تھے.
پرنس 1980 کی دہائی میں اس وقت سپر سٹار بنے جب ان کی البمز 1999، پرپل رین اور سائن او دا ٹائمز بے انتہا مقبول ہوئیں۔
گلوکار، نغمہ نگار اور کئی ساز بجانے کی صلاحیت رکھنے والے پرنس نے 30 سے زیادہ البمز ریکارڈ کرائیں اور اپنے کریئر میں ان کے گانوں کی دس کروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں۔
پرنس نے تقریباً اپنا ہر مشہور گانا خود لکھا، کمپوز کیا، پروڈیوس کیا اور گایا۔
ان کی سب سے مشہور البمز میں لیٹس گو کریزی اور وین ڈوز ڈائی (When Doves Die) شامل ہیں۔
انھیں سنہ 2004 میں راک اینڈ رول کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔
دنیا بھر سے اہم شخصیات نے پرنس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
امریکی صدر اوباما نے ان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ اہل ہنر، ساز بجانے والے، بینڈ کے شاندار بانی اور ایک دل فریب فنکار تھے۔ گلوکار مک جیگر کا کہنا تھا کہ پرنس لامحدود ہنر کے مالک تھے۔
پرنس کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات آ رہے ہیں اور مداح ان کے مکان کے قریب پیزلی پارک میں جمع ہو رہے ہیں۔
ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ سٹوڈیو میں ان کو روکنا مشکل تھا لیکن ان کا اصل جادو سٹیج پر سامنے آتا تھا۔