ظاہری خامیوں کی وجہ سے مسترد ہونے والی نامور فلمی شخصیات
ممبئی: بالی ووڈ کی ایسی نامور شخصیات جن کو فلمی کیریئر کے آغاز میں اپنی ظاہری خامیوں کی وجہ سے مسترد کردیا گیا تھا۔ ڈرامہ انڈسٹری اور فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے لئے خوبصورت نقش و نگار ہونا شرط ہوتی ہے لیکن بالی ووڈ میں کئی ایسے نامور شخصیات موجود ہیں جنہوں نے صرف اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر کروڑوں دلوں پر راج کیا مگر انہیں فلمی کیریئر کے آغاز میں ظاہری خامیوں کی وجہ سے فلموں میں کام دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔
امیتابھ بچن
لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن بالی ووڈ میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور ان کی شخصیت سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہوتے ہیں لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اُن کو اپنے ابتدائی دور میں قدوقامت اور آواز کی وجہ سے بہت بار مسترد کیا گیا لیکن پھر بھی انہوں نے ہار نہ مانی اور انتھک محنت سےانڈسٹری میں اپنی اداکاری کا جادو چلا یا۔
کترینہ کیف
بالی ووڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور کترینہ کیف کو بھارتی فلم انڈسٹری میں متعارف کرانے کا سہرا تو بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے سر جاتا ہے لیکن اُس سے پہلے بھی کترینہ کیف بالی ووڈ میں اپنی قسمت آزما چکی تھیں جن کو کئی بار مغربی انداز کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا تھا۔
عرفان خان
عرفان خان بالی ووڈ میں فلموں کے چناؤ کی وجہ سے ایک الگ مقام رکھتے ہیں اور وہ میگا بجٹ اور کمرشل فلمیں کرنے کے بجائے اچھے اسکرپٹ پر یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ خاص شکل وصورت نہ رکھنے کے باوجود ان کا شمار انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہےجب کہ وہ بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں لیکن اس کے پیچھے صرف ان کی کام سے مخلصی تھی اور وہ کیریئر کے آغاز میں بغیر پیسوں کے کام کیا کرتے تھے۔
ارجن کپور
فلم ’عشق زادے‘ سے ڈیبیو کرنے والے ارجن کپور دراصل مشہور فلم ساز بونی کپور کے بیٹے ہیں جنہوں نے انڈسٹری میں ’کل ہو نہ ہو ‘ اور ’وانٹڈ‘ جیسی سپر ہٹ فلموں میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایسوسی ایٹس پروڈیوسر اپنے کام کا آغاز کیا لیکن اداکاری کے میدان میں آنے سے پہلے موٹاپے کی وجہ سے ناکام ہوئے تھے۔
نواز الدین صدیقی
مداحوں کو حیران کردینے والی بات یہ ہے کہ نواز الدین اداکاری سے پہلے کیمسٹ تھے اور ابتدا میں ان کی کوئی پہچان نہیں تھی جس کی وجہ ان کی سانولی رنگت تھی لیکن اداکار نے اپنی رنگت کو رکاوٹ بننے نہ دیا اور تمام تر توجہ اداکاری پر مرکوز رکھی اور بہترین اداکاری کی وجہ سے نامور اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ کام کیا جب کہ نیشنل ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات حاصل کیے۔
رنویر سنگھ
بالی ووڈ کے چلبلے اداکار رنویر سنگھ کی قسمت زیادہ اچھی نہیں رہی کیوں کہ ان کے شمالی انڈین چہرے کی وجہ سے آغاز میں فلموں میں کام دینے سے انکار کردیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی پہلی فلم ’بینڈ باجا بارات ‘ اور سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’رام لیلا‘ میں بہترین اداکاری سے ثابت کردیا کہ بالی ووڈ میں راج کرنے کے لیے چہرے کے بجائے ٹیلنٹ کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔