’’منا بھائی ‘‘مہارا شٹر میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ جشن میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے
ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے ’’منا بھائی ‘‘ اور حال ہی میں جیل سے رہائی پانے والے ایکشن ہیرو سنجے دت ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں،ان کے بارے میں خبریں آر ہی ہیں کہ وہ جلد ہی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ۔
بھارتی نجی چینل ’’زی نیوز‘‘ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سنجے دت اپنے خاندانی رجحانات کے بر عکس مہارا شٹر میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ جشن میں بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور بی جے پی کی قیاادت کے ہمراہ تصاویر بھی کھنچوائیں ،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جلد ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کے دامن میں پناہ لینے لگے ہیں ۔واضح رہے کہ ابھی ان خبروں کو پرانا ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا جب بی جے پی نے سنجے دت کی پے رول پر رہائی کی شدید مخالفت کی تھی ،بی جے پی کے سینئر لیڈر کریٹ سومیا نے مہارا شٹر کے وزیر اعلی پرتھوی چوہان کو 2014ء میں خط لکھ کر سنجے دت کی پیرول پر ملنے والی رہائی کی مخالفت کی تھی ۔مہاراشٹر میں منعقدہ جشن میں سنجے دت نے ایک ایسا مطالبہ بھی کیا ہے جس نے کانگریس میں شامل ان کی سگی بہن پریا دت کے کیمپ میں کھلبلی مچا دی ہے ،سنجو بابا نے مہارا شٹر میں بی جے پی کی سیٹیں بڑھانے کا مطالبہ کر کے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے وہیں کانگریس میں شامل اپنی بہن پریا دت کے لئے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ سنجے دت کے لئے سیاسی جماعت کا تجربہ نیانہیں ہے ، وہ 1993ء میں شیوسینا کے پروگراموں میں شامل ہوتے رہے ہیں ،لیکن ناڈا کے کے تحت ہونے والی گرفتاری کے بعد سنجو بابا شیو سینا سے دور ہوگئے تھے ،2009ء میں وہ سماج وادی پارٹی میں امر سنگھ کے ہمراہ شامل ہوئے تھے لیکن امر سنگھ کو سماج پارٹی سے نکالے جانے کے بعد سنجے دت نے بھی سماج وادی پارٹی سے دوری اختیار کر لی تھی