اننیا پانڈے کا ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر2‘ سے بولی وڈ میں ڈیبیو
بولی وڈ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے طویل عرصے سے اپنے دلکش انداز کی وجہ سے خبروں کی زینت بن رہی ہیں۔ جہاں بولی وڈ اداکاروں کے بچے اپنی اپنی ڈیبیو فلموں کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہیں اننیا پانڈے سے بھی ہر کوئی ان کی بولی وڈ میں پہلی فلم کے حوالے سے پوچھتا آرہا ہے۔
ایسی قیاس آرائیاں تو پہلے ہی سامنے آئیں تھی کہ اننیا کرن جوہر کی فلم میں کام کریں گی، تاہم اب ان کی ڈیبیو فلم کا اعلان کردیا گیا۔
اننیا پانڈے کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی کامیاب فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل میں کام کرتی نظر آئیں گی۔
فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ میں اداکار ٹائیگر شروف مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ اب اداکارہ اننیا ان کے ہمراہ اس فلم سے ڈیبیو کررہی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں اننیا پانڈے نے اس فلم میں مرکزی کردار کے لیے اوڈیشن دیا، جہاں فلم کے ہدایت کار سمیت کرن جوہر اور ٹائیگر شروف موجود تھے۔
اس دوران اننیا کو اس فلم میں عالیہ بھٹ کی چند لائنز بولنے کو کہا گیا، جنہیں انہوں نے کامیابی سے فلم کی ٹیم کے سامنے پیش کیا۔
خیال رہے کہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ 2012 میں ریلیز ہوئی، جس کی ہدایات کرن جوہر نے دی تھی، اس فلم میں بولی وڈ کے تین ایسے اداکاروں نے ڈیبیو کیا تھا جن کا شمار آج کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔
ان میں مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ، ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورن دھون اور سدھارتھ ملہوترا جن کا بولی وڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا شامل تھے۔
کرن جوہر نے حال ہی میں اس فلم کے سیکوئل کا پہلا پوسٹر بھی شیئر کیا تھا، جس میں صرف ٹائیگر شروف موجود تھے۔
جہاں پہلی فلم میں ایک ہیروئن کے مقابلے 2 ہیروز کو کاسٹ کیا گیا تھا وہیں اس کے سیکوئل میں ایک ہیرو جب کہ 2 ہیروئنز کاسٹ کی جائیں گی۔
اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کی ہدایات پنیت ملہوترا دیں گے جبکہ اس کی پروڈکشن کرن جوہر کی کمپنی دھرما کے بینر تلے کی جائے گی۔
فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کے لیے سری دیوی کی بیٹی جانھوی کپور اور سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو کاسٹ کرنے کے نام بھی سامنے آئے تھے۔
تاہم یہ دونوں کسی اور فلم سے بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔
جہاں سارہ علی خان نے حال ہی میں اپنی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے، وہیں جھانوی کپور اپنی ڈیبیو فلم ’دھڑک‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔