سنی لیونی اور کپل شرما کی فلمیں ریلیز
ممبئی: معروف ٹی وی سلیبرٹی و بولی وڈ اداکار کپل شرما کی فلم ’فرنگی‘ اور سنی لیونی کی فلم ’تیرا انتظار‘ کو ریلیز کردیا گیا۔
دونوں فلموں کا شائقین کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے، کپل شرما نے اپنی اس فلم کے لیے اپنا ٹی وی شو تک بند کردیا تھا، تاہم اب امکان ہے کہ ان کا شو پھر سے شروع ہوگا۔
کپل شرما کی ’فرنگی‘ کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ 10 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم دیگر بولی وڈ فلموں کے خوف کے باعث اس کی نمائش مؤخر کرکے 24 نومبر کردی گئی تھی۔
تاہم ’فرنگی‘ کو 24 نومبر کو بھی ریلیز نہ کیا جاسکا، جس کے بعد اسے یکم دسمبر کو ریلیز کیا گیا۔
باکس آفس انڈیا کے مطابق فلم نے پہلے ہی دن بھارت بھر سے صرف ایک کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہی بٹورے۔
’فرنگی‘ کی پہلے دن کی کمائی اتنی کم ہے کہ اس فلم نے کپل شرما کی پہلی فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ کا ریکارڈ بھی نہیں توڑا۔
کپل شرما کی پہلی فلم نے پہلے ہی دن 8 کروڑ روپے بٹورے تھے۔
خیال رہے کہ ’فرنگی‘ میں کپل شرما نےبرطانوی ہندوستان کے ایک حوالدار کا کردار ادا کیا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں اشیتا دتا، مونیکا گل اور انعام الحق بھی شامل ہیں۔
’فرنگی‘ کی کہانی برطانوی ہندوستان کے گرد گھومتی ہے، تاہم کہانی کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سنی لیونی کی رومانوی فلم ’تیرا انتظار‘ کو بھی یکم دسمبر کو ریلیز کردیا گیا، تاہم فلم نے توقعات سے انتہائی کم کمائی کی۔
’تیرا انتظار‘ میں سنی لیونی کے ساتھ ارباز خان رومانس کرتے نظر آتے ہیں، جب کہ اس کی ہدایات راجیو والیا نے دی ہیں، فلم کو امن مہتا اور بجال مہتا نے پروڈیوس کیا ہے، اسے بجیشری فلم کے بینر تلے ریلیز کیا گیا۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ فلم ریکارڈ بزنس کرے گی، تاہم حیران کن طور پر فلم نے پہلے ہی دن صرف 50 لاکھ بھارتی روپے بٹورے۔
اس فلم میں سنی لیونی ایک رومانٹک ہیروئن کے روپ میں نظر آئیں ہیں، اس سے قبل وہ آئٹم سانگ یا انتہائی بولڈ ہیروئن کے روپ میں نظر آتی رہی ہیں۔
اس فلم کو بھی پہلے تو 2018 کی ابتدائی سہ ماہی میں ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم بعد میں اس کی ریلیز کی تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسے نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا کہا گیا تھا، لیکن اسے بھی یکم دسمبر کو ریلیز کیا گیا۔