فلم ‘سربجیت’ ایک ہندوستانی جاسوس ‘سربجیت سنگھ’ کی زندگی پر بنائی جارہی ہے، اداکار رندیپ ہودا
ممبئی: بولی وڈاداکار رندیپ ہودا کا کہنا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ‘سربجیت’ میں پاکستان مخالف کوئی چیز پیش نہیں کی گئی۔امنگ کمار کی ہدایات میں بننے والی فلم ‘سربجیت’ ایک ہندوستانی جاسوس ‘سربجیت سنگھ’ کی زندگی پر بنائی جارہی ہے، جو پاکستان کی ایک جیل میں دوران قید ہلاک ہوگیا تھا۔سربجیت سنگھ کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رندیپ ہودا کا کہنا تھا، ‘میرا نہیں خیال کہ اس فلم میں پاکستان پر تنقید کی گئی ہے، لیکن ہاں وہاں (پاکستان میں) بہت سارے قیدی ہیں جن میں سے بعض کو ظلم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ یہاں (ہندوستان میں) بھی ایسا ہوتا ہے۔’رندیپ کا کہنا تھا کہ یہ فلم ایک عام آدمی کی زندگی کے ادوار پر مشتمل ہے جو پاکستان اور ہندوستان کی سیاسی صورتحال کے درمیان پھنس جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا یہ فلم پاکستان کی ایک جیل پر بنائی گئی، لیکن اس میں ایسا کچھ نہیں جس سے لگے کہ پاکستان پر تنقید کی جارہی ہے، یہ محض ایک صورتحال ہے جہاں ایک نارمل انسان دونوں ملکوں کے سیاسی اتار چڑھاوٴ کے درمیان پھنس کر رہ جاتا ہے۔