کھانے کی غلطی کی اور تھپڑ کھایا، کنگنا رناوت
ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت نے والد سے تھپڑ کھانے کی وجہ بتا دی ہے۔کنگنا رناوت اداکاری کے ساتھ متنازع بیانات کی وجہ سے بھی پہچانی جاتی ہیں خواہ وہ ادتیا پنچولی کو پاگل کہنا ہو یاایک سے زائد شادی کرنے کی خواہش کا اظہار جب کہ مختلف انٹرویوز میں وہ اپنے راجپوت خاندان کو قدامت پسند اور روایات کا پیرو کار بھی کہہ چکی ہیں اور اس بار بھی انہوں نے خاندان کے قدامت پسند ہونے کے اہم راز سے پردہ اٹھایا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹر ویو میں کنگنا کا کہنا تھا کہ اُن کی والدہ بھی راجپوت روایت کی وجہ سے شوہر سے بہت ڈرتی تھیں اور اتنی ہمت بھی نہیں تھی کہ شوہر سے پہلے کھانا کھاسکیں جب کہ اکثر اوقات والد شراب نوشی کرکے رات دیر سے گھر آکر سوجایا کرتے تھے تو میری ماں اُن کے سونے کے بعد ہی کھانا کھاتی تھیں۔ کنگنا کا کہنا تھا کہ ایک بار انہیں بہت شدت سے بھوک لگ رہی تھی اور مزید انتظار کرنے کی بھی ہمت نہیں تھی تو انہوں نے کھانے کی میز سے کچھ اٹھا کر کھا لیا جس پر والد نے تھپڑ مارتے ہوئے کہا کہ جب گھر کے مردوں نے کھانا نہیں کھایا تو تم نے کیسے کھایا۔