فلم ’ ٹائیگرزندہ ہے‘ ریلیز کے پہلے ہی روزمشکلات کا شکار
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ پہلے ہی روز تنازعات کا شکار ہوگئی، لوگوں نے سلمان خان کے پتلے نذر آتش کیے ہیں۔ بالی ووڈ میں پہلے فلمیں اچھے اسکرپٹ اور اداکاروں کی وجہ سے مشہور ہوا کرتی تھیں لیکن اب معاملہ اس کے برعکس ہوگیا ہے یعنی اب فلمیں متنازع کردار اور الفاظ کی وجہ سے معروف ہوجاتی ہیں جس کی تازہ مثال فلم ’پدماوتی‘ ہے تاہم اب سلو میاں کی فلم بھی ریلیز کے پہلے ہی روز تنازعات کا شکار ہو گئی، یہ وہ دوسری فلم ہے جسے راجستھان میں احتجاج کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور میں ولمیکی کمیونٹی سے وابستہ افراد نے سلمان خان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اورسینما میں ریلیز کی جانے والی فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ کے پوسٹر پھاڑ دیئے اور سلمان خان کے پتلے بھی نذر آتش کیے۔ ولمیکی کمیونٹی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سلمان خان نے اپنی فلم کی تشہیر کے دوران شلپا شیٹھی کے ساتھ مل کر ہماری کمیونٹی کے خلاف نازیبا لفظ ’بھنگی‘ استعمال کیا جو کہ ہماری تضحیک ہے اس لیے سلمان خان اور شلپا شیٹھی کے خلاف تھانے میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
چند روز قبل سلمان خان نے اپنے شو میں شلپا شیٹھی کے ساتھ رقص کے دوران لفظ بھنگی تضحیک کے ساتھ استعمال کیا تھا اور خراب حلیے سے اس کی تشریح کی تھی جس پر ولمیکی برادری سراپا احتجاج ہے کیوں کہ ان کا تعلق بھنگی برادری سے ہے۔
واضح رہے کہ 150 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کررہی ہیں فلم آج ہی ریلیز کی گئی ہے جو فلم ایک تھا ٹائیگر کا سیکوئل ہے۔