2017 میں بالی ووڈ پر پاکستانی اداکاراؤں کا راج
دوہزار سات صرف پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے نہیں بلکہ پاکستانی اداکاراؤں کے لیے بھی بے حد کامیاب ثابت ہوارواں سال نامور پاکستانی اداکاراؤں ماہرہ خان، صبا قمر اور سجل علی نے اپنی بہترین پرفارمنس سے بالی ووڈ میں دھوم مچادی۔
بالی ووڈ انٹرنیشنل فلمی صنعت ہے جہاں کام کرنے کے بعد فنکار بین الاقوامی شہرت حاصل کرلیتا ہےیہی وجہ ہے کہ پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارتی فلم انڈسٹری ان کے کیرئیر کو آگے بڑھانے کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم مانا جاتا ہے۔ پاکستان میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد ہر فنکار کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کو منوائے۔ ماضی میں بہت سے پاکستانی فنکاروں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کیا لیکن زیادہ شہرت حاصل نہیں کرسکے جن میں اداکارہ میرا، معمر رانا، ہمایوں سعید اور حمائمہ ملک وغیرہ شامل ہیں لیکن 2017 پاکستانی فنکاروں کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا اس سال نہ صرف پاکستانی اداکاراؤں نے بالی ووڈ میں جگہ بنائی بلکہ مقبولیت میں وہاں کی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑدیا۔
ماہرہ خان:
بالی ووڈ کی 2017 کی کامیاب ترین اداکارہ کی بات کی جائے تو صرف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا نام ذہن میں آتا ہے۔ ماہرہ خان نے رواں سال بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’رئیس‘میں ڈیبیو کرکے بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔
فلم ’رئیس‘کی ریلیز کے بعد بالی ووڈ اور بھارتی میڈیامیں صرف ماہرہ خان کی اداکاری اور خوبصورتی کے چرچے جاری رہے۔ جب کہ شاہ رخ خان کے ساتھ بالی ووڈ کی پرانی اداکاراؤں کی جگہ ماہرہ خان کے ساتھ جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔ ماہرہ خان کے بارے میں اگر یہ کہاجائے کہ انہوں نے اپنی پہلی ہی فلم کے ذریعے بالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کی چھٹی کردی تو غلط نہ ہوگا۔
صبا قمر:
ماہرہ خان کے بعد پاکستان کی باصلاحیت اور خوبصورت اداکارہ صبا قمر نے بھی رواں سال اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم’ہندی میڈیم‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔ فلم میں صبا قمر کی بہترین اداکاری نے بھارتیوں کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
فلم میں دہرے تعلیمی نظام جیسے موضوع کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا اور اپنے کردار کے ساتھ صبا قمر نے انصاف کیا۔ بلاشبہ ماہرہ خان کے بعد صبا قمر وہ اداکارہ ہیں جنہوں نے 2017 میں بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منواکر دوسری اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑدیا۔
سجل علی:
خوبصورت آنکھوں اورپرکشش چہرے والی نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی رواں سال بھارتی فلم انڈسٹری کی تیسری بہترین اداکارہ قرار پائی ہیں جنہوں نے سری دیوی کے ساتھ فلم’مام‘میں اداکاری کے جوہر دکھاکر بھارتیوں کے دل جیت لیے۔ فلم میں سجل علی کی سنجیدہ اداکاری کو بھارتی تجزیہ نگاروں نے بھی بے حد سراہا جب کہ بھارتیوں نے ان کی خوبصورتی کا موازنہ کرینہ کپور خان سے بھی کیا۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ رواں سال بالی ووڈ پر پاکستانی اداکاراؤں کا راج رہا جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارائیں 2017 میں اپنا جادو دکھانے میں ناکام رہیں۔