سابق حسیناؤں کے بارے میں نازیبا ای میلز پر مس امریکہ کے سربراہ مستعفی
واشنگٹن: مس امریکہ آرگنائزیشن (ایم اے او) کے سی ای او سیم ہسکل نے مقابلہِ حسن میں شریک خواتین کے ساتھ نازیبا انداز اختیار کرنے سے متعلق ای میلز منظر عام پر آنے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں ادارے کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مسٹر ہسکل کا استعفیٰ منظور کیا جاتا ہے اور چیئر پرسن لن ویئڈنر بھی مستعفی ہو رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق افشا ہونے والی ای میلز میں مقابلہ حسن میں کامیاب ہونے والی سابقہ خواتین کے بارے میں نازیبا حوالے دیے گئے ہیں اور ان کی جنسی زندگی کے بارے میں بھی بیہودہ تبصرے کیے گئے ہیں۔ مقابلے میں حصہ لینے والی خواتین نے ان ہولناک انکشافات پر تنقید کی ہے جس پر اس تنظیم کے صدر اور چیف آپریٹنگ افسر جوش رینڈل نے بھی عہدہ چھور دیا ہے۔برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ واقعات کی روشنی میں انھوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔