بالی وڈ کی ‘ڈمپل گرل’ دپیکا 32 برس کی ہوگئیں
ممبئی: بالی وڈ کی ‘ڈمپل گرل’ اور دورِ حاضر کی ‘ڈریم گرل’ کہلانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون آج اپنی 32 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ دپیکا پڈوکون 5 جنوری 1986 کو پیدا ہوئیں، ان کے والد پرکاش پڈوکون سابق بیڈمنٹن کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے دپیکا پڈوکون نے بھی قومی سطح پر بیڈمنٹن کھیلنے کا آغاز کیا۔
بعدازاں 2006 میں انہوں نے بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھا اور تیلگو فلم سے اداکاری کا آغاز کیا۔ دپیکا نے فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے ہندی فلموں میں ڈیبیو کیا، جس میں انہوں نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا۔
’اوم شانتی اوم‘ کے بعد دپیکا پڈوکون نے اپنی کامیابی کا لوہا منوالیا، جس کے بعد آج وہ بالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی بڑی اداکارہ اور بہترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں۔
دپیکا نے متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے، جن میں فلم فیئر ایوارڈ اور آئیفا ایوارڈ بھی شامل ہیں۔ دپیکا پڈوکون نے نا صرف بھارت بالی وڈ میں اپنے اداکاری کے جلوے دکھائے بلکہ ہالی وڈ میں بھی اپنے اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
ان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے چند مقبول کرداروں کی جھلکیاں:
شانتی— فلم ’اوم شانتی اوم‘:
دپیکا نے اپنی پہلی ہی بالی وڈ ڈیبیو فلم میں ‘شانتی’ کا کردار ادا کرکے سب کے دلوں میں اپنا گھر کرلیا، اس فلم میں دپیکا پڈوکون نے ڈبل رول نبھایا، جسے فلم بینوں نے بے حد سراہا۔
ویرونیکا— فلم ’کاکٹیل‘:
دپیکا کو بھی اپنے فلمی کیریئر میں ہر ایک کی طرح مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ ایسے میں دپیکا نے اپنے ڈوبتے فلمی کیریئر کو بچانے کے لیے فلم ’کاکٹیل‘ میں ایک ضدی لڑکی ویرونیکا کا کردار نبھایا اور مداحوں کی امیدوں کو ایک بار پھر سے درست ثابت کردیا ۔
فلم میں ان کے چلبلے کردار کو بے حد پسند کیا گیا۔ اس فل میں ان پر فلمائے گئے گانے بھی کافی مقبول ہوئے تھے۔
نینا تلوار— فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘:
دپیکا نے فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی میں‘ میں ایک سیدھی سادھی ڈاکٹر کا کردار ادا کیا۔ اس فلم میں انہوں نے اپنی جاندار اداکاری کا ایسا مظاہرہ کیا کہ مداحوں کو اپنا اسیر کرلیا۔
میناما— فلم ’چنئی ایکسپریس‘:
فلم ’چنئی ایکسپریس‘ میں دپیکا پڈوکون نے انتہائی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں انہوں نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ایک بہادر لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔
یوں تو فلم میں دپیکا کے ساتھ شاہ رخ خان بھی جلوہ گر تھے، لیکن سب سے زیادہ مقبولیت دپیکا کے کردار ‘میناما’ کو ملی اور ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔
لیلا—فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘:
اس فلم میں دپیکا نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ ‘لیلا’ کا کردار نبھایا، جس میں انہوں نے اپنے بہترین رقص کے جوہر بھی دکھائے۔ فلم میں دپیکا کے انداز کو بے حد پسند کیا گیا۔
مداحوں کے پیغامات
دپیکا پڈوکون کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکبادی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔