’’پدماوت‘‘ نے باہو بلی 2 اور دنگل کو پچھاڑ دیا
ممبئی: ’’پدماوت‘‘بھارت سمیت دنیا بھر میں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے جب کہ بیرون ممالک فلم نے بھارت کی کامیاب ترین فلموں’’باہو بلی2‘‘ اور ’’دنگل‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بے شمار تنازعات، دھمکیوں، احتجاج اورمظاہروں کے باوجود 25 جنوری کوبھارت سمیت دنیا بھرمیں ریلیز ہونے والی فلم ’’پدماوت‘‘ کی ریلیز سے قبل خیال کیا جارہا تھا کہ فلم توقع کے مطابق بزنس کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باعث فلم کو بھارت میں 35 فیصد اسکرینز پر نمائش کے لئے پیش ہی نہیں کیا گیا اور یہ بات کسی حد تک صحیح ثابت ہوئی۔
کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق ریلیز کے پہلے روز فلم کو تقریباً 30 کروڑ کا بزنس کرنا چاہئے تھا لیکن فلم صرف 18 سے 19 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی تاہم بیرون ممالک فلم نے توقع کے مطابق بہت اچھا بزنس کیا ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ’’پدماوت‘‘کی بیرون ملک کمائی کے اعدادوشمار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فلم نےآسٹریلیا میں 3 لاکھ 76 ہزار آسٹریلین ڈالرز (ایک کروڑ 88 لاکھ بھارتی روپے)، نیوزی لینڈ میں64 ہزار ڈالر (29 لاکھ 99 ہزار بھارتی روپے )، برطانیہ میں97 ہزار پاؤنڈ (88 لاکھ ) روپے کمائے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طورپر بیرون ممالک میں ’’پدماوت‘‘ نے ریلیز کے پہلے دن3 لاکھ 67 ہزار ڈالرز کمائے ہیں جب کہ فلم’’دنگل‘‘ نے ریلیز کے پہلےروز 2 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کمائےتھے اور بھارتی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’’باہوبلی2‘‘ 2 لاکھ 12 ہزار ڈالرزکمانے میں میں کامیاب ہوئی تھی۔ اس طرح ’’پدماوت‘‘نےبیرون ممالک میں ’’دنگل‘‘ اور ’’باہوبلی 2‘‘ کو پیچھے چھوڑدیا۔ واضح رہے کہ ہدایت کارسنجے لیلا بھنسالی کی فلم’’پدماوت‘‘میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔