مہوش حیات خواتین کے استحصال کے خلاف میدان میں
کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ہلکے پھلکے انداز میں لوگوں کی توجہ معاشرے کی اُس بری سوچ کی جانب مرکوز کروائی ہے جسے لوگ جانتے ہوئے بھی آنکھیں بند کرلیتے ہیں۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ مہوش حیات نے انسٹاگرام پر اپنی بلاک بسٹر فلم’’ایکٹر ان لا‘‘ کا ایک سین شیئر کرایا ہے۔ کہنے کو تو یہ مزاحیہ سین ہے لیکن اس میں لوگوں کو دیا گیا پیغام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری فنکار برادری اب صرف شوبزاور گلیمر تک محدود نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر اب ملکی مسائل، معاشرے میں رائج فرسودہ رواج اور اپنے آس پاس موجود غلط رویوں کے خلاف آواز اٹھانا شروع ہوگئے ہیں اوراسے ہی ’’تبدیلی‘‘کہا جاتا ہے۔ اداکار حمزہ علی عباسی تو پہلے ہی سیاست اور معاشرے میں رائج غلط معیارات کے خلاف سرگرم ہیں جب کہ اداکارہ نادیہ جمیل کے ساتھ متعدد اداکاراؤں نے بھی حال ہی میں زینب کے ساتھ ہوئی، ناانصافی پر بلا خوف آواز اٹھائی اور اب اداکارہ مہوش حیات نے معاشرے میں خواتین کے استحصال کے خلاف بہت مثبت انداز میں آواز اٹھاکر یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ خواتین کے کپڑے نہیں دراصل لوگوں کی سوچ خراب ہوتی ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: کیا بینظیربھٹوکا کردارمہوش حیات کریں گی؟ مہوش حیات کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں فہد مصطفیٰ مہوش حیات کو کہتے نظر آرہے ہیں کہ’’تم اتنی خوبصورت ہو اورڈوپٹہ بھی نہیں پہنتی ہو لہٰذا لوگ تمہیں پریشان کریں گے جس پر مہوش انہیں کہتی ہیں کہ لوگ برقع پہننے والی خواتین کو زیادہ غور سے دیکھتے ہیں۔ ویڈیو میں خواتین کو راہ چلتے پریشان کرنے والے افراد کی نشاندہی کی گئی ہمارے یہاں بہت سارے لوگ یہ سوچتے ہیں کہ خواتین مختصر کپڑے پہنتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں ہراساں کیا جاتا ہے لہٰذا خواتین کو خود کو مکمل طور پر ڈھانپ کر باہر جانا چاہئے۔ ویڈیو میں اسی بات کی نفی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسئلہ کپڑوں کا نہیں سوچ کا ہے۔ لوگ مختصر کپڑوں میں ملبوس عورت کی نسبت برقع پہننے والی خواتین کو زیادہ غور سے دیکھتے ہیں اور انہیں استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔