جان ابراہم کی فلم چوتھی بار تاخیر کا شکار
ممبئی: بالی ووڈ کے ایکش ہیرو جان ابراہم کی نئی فلم ’پرمانو دی اسٹوری آف پوکھران‘ کی ریلیز چوتھی بار تاخیر کا شکار ہو گئی۔ بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم کے ستارے آج کل گردش میں ہیں کیوں کہ ان کی نئی فلم ’پرمانو دی اسٹوری آف پوکھران‘ کی ریلیز چوتھی بار تاخیر کا شکار ہو گئی، اس سے قبل اُن کی مشہور فلم ’فورس‘ کا دوسرا سیکوئل بھی کشیدگی کا شکار ہوا تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 دسمبر کو ریلیز ہونے والی جان ابراہم کی نئی فلم ’پرمانو دی اسٹوری آف پوکھران‘ کی تاریخ کو تبدیل کرکے 23 فروری کردیا گیا تھا لیکن فلم ’سونو کی ٹیٹو کی سوئٹی‘ کی انتظامیہ کی درخواست پر فلم 2 مارچ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم فلم کی مشکلات کو بریک نہ لگا اور اب ایک بار پھر انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ کی وجہ سے فلم 2 مارچ کو ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے. بھارتی تجزیہ کار ترن ادارش نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں جان ابراہم کی فلم کا نیا پوسٹر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ابھیشیک شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پرمانو دی اسٹوری آف پوکھران‘ 2 مارچ کے بجائے اب 6 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔ واضح رہے فلم 1998 میں راجھستان کے علاقے پوکھران میں بھارت کی جانب سے جوہری دھماکوں کے ٹیسٹ پر مبنی ہے جب کہ فلم میں جان ابراہم کے ساتھ ڈیانا پنٹی اور بومن ایرانی مرکزی کرادر ادا کر رہے ہیں۔