” بونی کپور یہ غلطی نہ کرتے تو سری دیوی آج زندہ ہوتی۔۔۔“ قریبی دوست نے ایسی بات کہہ دی کہ نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا
نئی دلی: بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت کے حوالے سے ہر روز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں لیکن بھارتی سیاستدان اور کپور خاندان کے فیملی فرینڈ امر سنگھ نے اداکارہ کی موت حوالے سے جو بیان دیا ہے اس نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
بھارتی سیاستدان امر سنگھ نے بھی اداکارہ کی موت کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر بونی کپور اتنی بڑی غلطی نہ کرتے تو سری دیوی آج زندہ ہوتیں۔ خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے امر سنگھ کا کہنا تھا انہیں لگتا ہے کہ بونی کپور نے واپس بھارت آ کر بہت بڑی غلطی کی تھی انہیں سری دیوی کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہئے تھا، گو کہ بونی کپور واپس دبئی چلے گئے تھے لیکن اگر ہم وہاں ہوتے تو شائد یہ حادثہ روکا جاسکتا تھا۔
امر سنگھ نے سری دیوی کے حوالے سے مزید انکشافات کرتے ہوئے کہاکہ سری دیوی کبھی بھی بہت زیادہ نشہ آور مشروب نہیں پیتی تھیں۔ واضح رہے کہ ابتداءمیں سری دیوی کی موت کو دل کادورہ قراردیا جارہا تھا تاہم گزشتہ روز آنے والی فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی ہے جبکہ یہ دعوے بھی کئے گئے کہ جب وہ باتھ ٹب میں گریں تو نشے کی حالت میں تھیں۔